فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی پر سائبر حملہ، آن لائن پلیٹ فارم عارضی طور پر معطل

عالمی خبر رساں ادارے ایجنسی فرانس پریس (اے ایف پی) پر سائبر حملے کے بعد اس کا مواد فراہم کرنے والا اہم پلیٹ فارم ’اے ایف پی فورم‘ بند کردیا گیا، ادارے نے حملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اے ایف پی انتظامیہ کی جانب سے عملے کو بھیجی گئی داخلی ای میل کے مطابق حملہ جمعرات کی شب پیرس کے مقامی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوا۔ حملہ آوروں نے اے ایف پی فورم کو نشانہ بنایا، جو ادارے کے صارفین کو خبریں، تصاویر اور دیگر مواد دیکھنے اور ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سائبر مداخلت کا پتا چلتے ہی تکنیکی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملے کو محدود کرنے کی کوشش کی اور مزید نقصان سے بچنے کے لیے پلیٹ فارم کو بند کردیا۔ اے ایف پی فورم تاحکمِ ثانی بند رہے گا، تاہم ادارے نے اپنے صارفین اور سبسکرائبرز کو مواد کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے متبادل انتظامات کیے ہیں۔

اے ایف پی انتظامیہ کے مطابق سائبر حملے کی نوعیت اور اس کے ذمہ داروں کا پتا لگانے کے لیے بیرونی ماہرین کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی مرحلے میں حملہ آوروں کی شناخت سے متعلق کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ ادارے نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ حملے کے دوران کسی صارف کا ڈیٹا یا دیگر معلومات تک غیر مجاز رسائی حاصل کی گئی یا نہیں۔

دریں اثنا، فرانس کے قومی ادارے برائے سائبر سیکیورٹی (اے این ایس ایس آئی) کے سربراہ ونسنٹ اسٹرُوبیل نے خبردار کیا ہے کہ فرانس کو سائبر حملوں کے غیر معمولی خطرات کا سامنا ہے۔

فرانس انٹر ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس شدت کے سائبر خطرات کا پہلے کبھی سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے سائبر حملوں سے نمٹنے کے لیے اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کی مشترکہ کوششوں اور دفاعی نظام کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب فرانس سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں سرکاری اداروں اور نجی کمپنیوں کو سائبر حملوں کا سامنا ہے۔ اس سے ایک روز قبل فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے بھی الجزیرہ کو تصدیق کی تھی کہ وہ سائبر حملے کا نشانہ بنی ہے، جس کے نتیجے میں اس کے ذاتی اور کاروباری نوعیت کے ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی حاصل کی گئی۔

اس سے قبل اکتوبر میں فرانس کے تقریباً 700 سپر اسٹورز میں سائبر حملے کے باعث ریفریجریٹرز اور فریزرز کا درجہ حرارت بڑھ گیا تھا، جس سے خوراک کے ذخائر متاثر ہوئے۔ نومبر کے آغاز میں برطانیہ، جرمنی، بیلجیم اور سویڈن سمیت یورپ کے دیگر ممالک میں بھی تجارتی ریفریجریشن نظام کو نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آئے۔

فرانس نے اکتوبر کے سپر اسٹورز پر ہونے والے سائبر حملے کا الزام ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے منسلک سائبر یونٹ پر عائد کیا تھا اور ایرانی سفیر کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا، تاہم ایران نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔

فرانس میں سائبر حملوں کے حالیہ واقعات نے سرکاری اداروں، میڈیا اور کاروباری شعبوں کے ڈیجیٹل نظام کے تحفظ سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں۔ اے ایف پی کے حالیہ واقعے میں حملہ آوروں کی شناخت اور حملے کے مکمل اثرات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ممکن ہوسکے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles