لبنان پیجر حملوں کا الزام، جرمن پارلیمنٹ میں سابق موساد سربراہ کے خلاف احتجاج

جرمنی کی پارلیمنٹ میں سابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیا کی آمد پر احتجاج کیا گیا، جہاں ایک یہودی کارکن نے انہیں لبنان میں 2024 کے پیجر دھماکوں کا ذمہ دار قرار دیا۔

قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ برنیا جرمن پارلیمنٹ میں قانون سازوں کے ساتھ ایک بند کمرے کی نشست میں شریک تھے، جس کا عنوان ’موساد کے پس پردہ معاملات‘ تھا۔

اس دوران ایک یہودی کارکن نے ان کا سامنا کیا اور 2024 میں لبنان میں ہونے والے پیجر حملوں پر ان سے جواب طلب کیا۔

یہ واقعہ گذشتہ روز جرمن پارلیمنٹ کی عمارت بنڈسٹاگ میں پیش آیا۔ برنیا کو اس نشست میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، جہاں جرمن قانون سازوں اور انٹیلی جنس امور سے متعلق کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔

جرمن نشریاتی ادارے ’ڈی ڈبلیو‘ کے مطابق برنیا عمارت میں مرکزی دروازے کے بجائے پچھلے دروازے سے داخل ہوئے، کیونکہ بائیں بازو کی جماعت ’دی لنکے‘ کی دو خواتین ارکان نے احتجاجاً اجلاس کے ہال کا داخلی راستہ روک لیا تھا۔ پارلیمنٹ کی سکیورٹی نے بعد ازاں انہیں وہاں سے ہٹا دیا۔

احتجاج کرنے والی ارکان نے برنیا پر لبنان میں پیجر اور واکی ٹاکی دھماکوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں جرمنی میں ان حملوں کے حوالے سے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا چاہیے۔ ان کا مؤقف تھا کہ ان دھماکوں میں عام شہری بھی نشانہ بنے تھے۔

یہ احتجاج ایسے وقت میں ہوا جب برلن میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ’یورپین سینٹر فار کانسٹیٹیوشنل اینڈ ہیومن رائٹس‘ (ای سی سی ایچ آر) نے 19 نومبر کو برنیا کے خلاف جرمنی کے وفاقی پراسیکیوٹر کے دفتر میں فوجداری شکایت درج کرائی تھی۔

تنظیم نے ان پر جنگی جرائم کے شبہے کا الزام عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ جرمنی آمد پر انہیں گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف تحقیقات شروع کی جائیں۔

تنظیم کے مطابق ڈیوڈ برنیا نے خود کہا تھا کہ انہوں نے ستمبر 2024 میں لبنان میں دھماکا خیز مواد سے لیس پیجرز اور واکی ٹاکیز کے حملوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ای سی سی ایچ آر کا کہنا ہے کہ ان مربوط دھماکوں میں کم از کم 37 افراد ہلاک اور 3 ہزار 400 سے زائد زخمی ہوئے، جن میں بڑی تعداد عام شہریوں کی تھی۔ تنظیم نے مؤقف اختیار کیا کہ دھماکے گھروں، دکانوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر ہوئے، اس لیے ان حملوں میں جنگی اہداف اور شہریوں کے درمیان امتیاز نہیں رکھا گیا۔

جرمنی کے وفاقی پراسیکیوٹر کے دفتر نے 24 نومبر کو تصدیق کی تھی کہ وہ انسانی حقوق کی تنظیم کی جانب سے جمع کرائی گئی شکایت میں بیان کردہ حقائق کا جائزہ لے رہا ہے۔ تاہم ڈیوڈ برنیا کی جرمنی آمد کے موقع پر انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔

ای سی سی ایچ آر نے ان کی پارلیمنٹ میں میزبانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنگی جرائم کے سنگین الزامات کا سامنا کرنے والے شخص کو پارلیمانی تقریب میں مدعو کرنا غلط پیغام دیتا ہے۔

واضح رہے کہ ستمبر 2024 میں لبنان میں حزب اللہ کے زیر استعمال پیجرز اور واکی ٹاکیز میں بیک وقت دھماکے ہوئے تھے۔

ان حملوں میں ہلاکتوں اور ہزاروں افراد کے زخمی ہونے کے بعد شہریوں کو نشانہ بنانے اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق سوالات اٹھائے گئے تھے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان واقعات کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles