سندھ حکومت کا غیر قانونی تعمیرات فوری روکنے اور عمارتیں مسمار کرنے کا حکم


‏سندھ حکومت نے صوبے بھر میں غیرقانونی اور غیر مجاز عمارتوں کی تعمیر فوری روکنے اور بغیر منظوری یا منظور شدہ نقشے سے ہٹ کر تعمیر کی گئی خالی عمارتیں مسمار کرنے کا حکم دے دیا ہے جب کہ سیکریٹری بلدیات نے ‏غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی اور مقدمات ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
‏سندھ حکومت نے کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر 6 منزلہ عمارت گرنے کے بعد ‏شہر میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔
سیکریٹری بلدیات سندھ نے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کردیے، جس کے تحت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو صوبے بھر میں غیرقانونی اور غیرمجاز عمارتوں کی تعمیر فوری طور پر رکوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکم نامے کے مطابق بغیر منظوری تعمیر کی گئی خالی عمارتوں اور منظور شدہ نقشے سے ہٹ کر تعمیر کی گئی خالی عمارتوں کو بھی مسمار کیا جائے گا جب کہ غیرقانونی عمارتوں کے انہدام کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکومتی احکامات میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی غیرقانونی تعمیر سے متعلق عدالتی حکم امتناع موجود ہے تو اس کی روشنی میں کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی تعمیرات روکی جائیں۔
حکم نامے میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق مقدمات ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، اس مقصد کے لیے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور متعلقہ ڈسٹرکٹ اٹارنی کی معاونت حاصل کرنے کا کہا گیا ہے۔
مزید برآں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے لیے ضلعی انتظامیہ اور ڈیمولیشن کمیٹیوں کا تعاون حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکومتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو سونپی گئی ہے۔
دوسری جانب سانحہ ایڈمن سوسائٹی کے بعد ایس بی سی اے کا انہدامی آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے، ڈائریکٹر ڈیمولیشن بھاری مشینری اور عملے کے ہمراہ جائے وقوع پر موجود ہیں جہاں ملبہ ہٹانے اور عمارت کے خطرناک حصوں کو منہدم کرنے کا کام جاری ہے۔

ادھر کراچی ایڈمن سوسائٹی میں زیرتعمیر عمارت گرنے کے معاملے پر سینئر سول جج جنوبی کی عدالت نے عمارت سے متعلق عبوری حکم امتناع واپس لے لیا۔
عدالت میں عمارت کے مالک کے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے خلاف دعوے کی سماعت ہوئی، دعویٰ کنندہ کے وکیل کے معاون نےپیش ہوکر عبوری حکم امتناع میں توسیع کی استدعا کی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
عدالت نے کہا کہ درخواست گزار نے یکم اگست 2026 کو ڈیکلریشن اور حکم امتناع کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ عدالت نے 4 اگست کو فریقین کو آئندہ سماعت تک موجودہ صورت حال برقرار رکھنے کا عبوری حکم دیا تھا۔
عدالت کے مطابق درخواست گزار متعدد مواقع ملنے کے باوجود عارضی حکم امتناع کی درخواست پر دلائل پیش نہیں کرسکا، عدالت نے بارہ اکتوبر کو دلائل نہ دینے کی صورت میں مناسب کارروائی سے متعلق متنبہ بھی کیا تھا۔

عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی دعویٰ مسترد کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 دسمبر تک جواب طلب کرلیا،عدالت نے سول دعوے کی مزید سماعت چار دسمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 25 نومبر کو ‏ کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں زیرِ تعمیر 6 منزلہ عمارت گر گئی تھی تاہم آج منہدم عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی، جس کے نتیجے میں گرنے والی غیرقانونی عمارت کے ملبے تلے دب کر جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی جب کہ واقعے میں 14 افراد زخمی اور 17 افراد لاپتا ہیں۔
عمارت گرنے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے تاہم مقدمے میں زمین کے مالک، بلڈر، کنٹریکٹر اور انجینئرز سمیت 10 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ 4 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles