
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن سے قبل لاہور قلندرز نے سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔
3 مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتنے والی لاہور قلندرز نے رواں سال مستقل ہیڈ کوچ کے بغیر ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی اور ٹیم پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔
فرنچائز کے مطابق شان ٹیٹ کی تقرری اس سال گیانا میں ہونے والی گلوبل سپر لیگ (جی ایس ایل) کے دوران ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ اس دوران انہوں نے ٹیم پر اچھا تاثر چھوڑا تھا۔ وہ ہیڈ کوچ کی ذمہ داریوں کے ساتھ کھلاڑیوں کی تربیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے منصوبوں میں بھی حصہ لیں گے۔
شان ٹیٹ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ اور قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں۔ پاکستان ٹیم کے ساتھ فاسٹ بولنگ کوچ کی حیثیت سے اپنے سابقہ دور میں انہوں نے شاہین شاہ آفریدی سمیت کئی کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا تھا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شان ٹیٹ کی جارحانہ سوچ، واضح حکمت عملی اور فاسٹ بولرز کی صلاحیتیں بہتر بنانے کی مہارت نے ڈریسنگ روم میں انہیں عزت دلائی۔
شان ٹیٹ نے ہیڈ کوچ مقرر ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل سپر لیگ کے دوران انہیں محسوس ہوا کہ ان کی سوچ اور اقدار لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا اور فرنچائز کے نظریے سے ملتی ہیں، اس لیے ٹیم کے ساتھ مستقل کام کرنے کا فیصلہ آسان تھا۔
سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ وہ شاہین آفریدی سمیت پاکستان کے کئی کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرچکے ہیں اور یہاں کے حالات اور کھلاڑیوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، ہیڈ کوچ مقرر ہونا ان کے لیے خاص لمحہ ہے اور وہ آئندہ سیزن کے لیے پُرجوش ہیں۔
لاہور قلندرز کے مالک اور چیف ایگزیکٹو ثمین رانا نے شان ٹیٹ کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کی ثقافت، کھلاڑیوں اور شائقین سے واقف ہیں۔ انہیں امید ہے کہ شان ٹیٹ کا تجربہ اور جیتنے کی سوچ ٹیم کو پی ایس ایل 12 میں نئی کامیابیاں دلانے میں مدد دے گی۔
شان ٹیٹ آسٹریلیا کی جانب سے کھیلنے والے تیز ترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں اور 2007 میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ کوچنگ کے شعبے میں بھی انہیں خاصا تجربہ حاصل ہے۔
واضح رہے کہ شان ٹیٹ اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں، انہیں یہ ذمہ داری گزشتہ ماہ اکتوبر میں مختصر مدت کے لیے سونپی گئی تھی۔ اس سے قبل ایشلے نوفکے نے نیدرلینڈز کی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کے لیے یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
شان ٹیٹ اس سے پہلے بھی پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ رہ چکے ہیں، ان کا پہلا دور فروری 2023 میں کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیوں کے باعث ختم ہوا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے ساتھ بھی کام کیا۔ مئی 2025 میں انہیں بنگلہ دیش کا فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا تاہم انہوں نے رواں سال جون میں اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی خواہش کے باعث یہ عہدہ چھوڑ دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا 12واں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا۔