اسلام آباد اور راولپنڈی میں کل عام تعطیل کا اعلان


پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سہ فریقی اجلاس کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں جمعہ 27 نومبر کو مقامی تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے جب کہ وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے 27 نومبر بروز جمعہ وفاقی دارالحکومت کی حدود میں مقامی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے تمام سرکاری دفاتر میں مقامی تعطیل ہوگی تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے اس سے مستثنیٰ ہوں گے اور معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایم سی آئی، سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ، اسلام آباد پولیس، آئیسکو اور سوئی ناردرن گیس کے دفاتر کھلے رہیں گے جب کہ اسپتالوں اور دیگر ضروری خدمات سے متعلق اداروں میں بھی معمول کے مطابق کام ہوگا۔
ریڈ زون میں ورک فرام ہوم ہوگا
دوسری جانب کیبنٹ ڈویژن نے ریڈ زون میں واقع وزارتوں اور سرکاری اداروں کے لیے ورک فرام ہوم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ 27 نومبر کو ریڈ زون میں واقع تمام وزارتوں اور اداروں کے افسران اور عملہ گھر سے کام کریں گے تاہم ہنگامی صورت حال میں طلب کیے جانے پر انہیں دفتر حاضر ہونا ہوگا۔
ٹریل 3 اور ٹریل 5 عوام کے لیے بند رہیں گی
غیر ملکی وفود کی آمد اور سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر اسلام آباد میں مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریل نمبر 3 اور 5 بھی جمعہ 27 نومبر کو عوام کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کے نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں ٹریلز صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک بند رہیں گی۔
راولپنڈی میں بھی عام تعطیل کا اعلان
ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے بھی جمعہ 27 نومبر کو ضلع بھر میں مقامی عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری و نجی اسکول، کالجز اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاہم اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کے امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے جب کہ ہنگامی خدمات فراہم کرنے والے ادارے معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔
جڑواں شہروں میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند
غیر ملکی وفود کی نقل و حرکت کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، اس دوران موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے بھی ہیوی ٹریفک کو جڑواں شہروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ اور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ 26 سے 28 نومبر کے دوران جڑواں شہروں کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفری مشکلات سے بچنے کے لیے اپنے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔
مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سہ فریقی اجلاس کل ہوگا
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مکہ دفاعی معاہدے کے تحت اسٹرٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا دو روزہ اجلاس کل اسلام آباد میں شروع ہوگا۔
اجلاس میں شرکت کے لیے تینوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے سیاسی، دفاعی اور عسکری وفود آج اسلام آباد پہنچیں گے جب کہ مکہ دفاعی معاہدے کے سیکریٹری جنرل نعمان محمود بھی پاکستان میں موجود ہیں۔
اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے اور تینوں ممالک کے درمیان اجتماعی دفاعی وعدوں پر عمل درآمد کے لیے عملی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں ممکنہ عسکری معاونت، انٹیلی جنس کے تبادلے اور فضائی دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امور زیر غور آنے کا امکان ہے۔
تینوں ممالک مکہ دفاعی معاہدے کو ایک قابلِ عمل علاقائی سیکیورٹی ڈھانچے میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔ اجلاس میں معاہدے کے ادارہ جاتی فریم ورک پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور تینوں ممالک کے درمیان عسکری ہم آہنگی مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور ہوگا۔
اس کے علاوہ دفاعی معاہدے کی شقوں پر عمل درآمد اور مختلف شعبوں میں تعاون کو باقاعدہ ادارہ جاتی شکل دینے کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس کے شرکا کی پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles