
یورپی یونین کے ممالک میں کل وقتی ملازمین کی سالانہ اوسط تنخواہوں کے حوالے سے نئے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے مطابق یورپ کے امیر ترین اور کم آمدنی والے ممالک کے درمیان آمدنی کا واضح فرق پایا جاتا ہے۔
یورپی ادارہ شماریات یوروسٹیٹ کی رپورٹ کے مطابق یورپ کے مختلف ممالک میں ملازمت کرنے والے افراد کی تنخواہوں میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔ ایک طرف لکسمبرگ میں ملازمین کی اوسط سالانہ تنخواہ 85 ہزار یورو سے زیادہ ہے تو دوسری جانب بلغاریہ میں یہی رقم 17 ہزار یورو سے بھی کم ہے۔
تاہم اگر ان ممالک میں رہنے کے اخراجات اور اشیا کی قیمتوں کو بھی مدنظر رکھا جائے تو تنخواہوں کا فرق کسی حد تک کم ہوجاتا ہے اور کئی ممالک کی درجہ بندی بھی تبدیل ہوجاتی ہے۔
یورپی شماریاتی ادارے یوروسٹیٹ کے 2025 کے اعداد و شمار کے مطابق یورپی یونین میں کل وقتی ملازمت کرنے والے افراد کی اوسط سالانہ مجموعی تنخواہ 41 ہزار 464 یورو رہی۔ یہ اعداد و شمار 6 نومبر 2026 کو جاری کیے گئے۔
یورپی یونین کے 26 ممالک کی فہرست میں لکسمبرگ سب سے آگے رہا، جہاں کل وقتی ملازمین کی اوسط سالانہ مجموعی تنخواہ 85 ہزار 609 یورو ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس بلغاریہ میں یہ اوسط صرف 16 ہزار 201 یورو تھی، یعنی دونوں ممالک کی تنخواہوں میں پانچ گنا سے بھی زیادہ فرق موجود ہے۔
زیادہ تنخواہیں دینے والے ممالک میں ڈنمارک 73 ہزار 500 یورو کے ساتھ دوسرے، آئرلینڈ 64 ہزار 387 یورو کے ساتھ تیسرے، بیلجیم 61 ہزار 984 یورو کے ساتھ چوتھے اور آسٹریا 60 ہزار 727 یورو کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔
یورپی یونین کی چار بڑی معیشتوں کا جائزہ لیا جائے تو جرمنی میں ملازمین کی اوسط سالانہ تنخواہ سب سے زیادہ 56 ہزار 360 یورو رہی۔
فرانس میں یہ رقم 44 ہزار 734 یورو تھی، جو یورپی یونین کی مجموعی اوسط سے کچھ زیادہ ہے، جبکہ اسپین میں 35 ہزار 125 اور اٹلی میں 34 ہزار 213 یورو ریکارڈ کی گئی۔
دیگر ممالک میں فن لینڈ کی اوسط سالانہ تنخواہ 50 ہزار 960 یورو اور سویڈن کی 49 ہزار 622 یورو رہی۔
دوسری جانب کم تنخواہیں دینے والے ممالک میں بلغاریہ پہلے نمبر پر رہا، جہاں اوسط سالانہ آمدنی 16 ہزار 201 یورو تھی۔ یونان میں یہ رقم 18 ہزار 772 یورو اور ہنگری میں 20 ہزار 138 یورو ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح رومانیہ میں 20 ہزار 818، سلوواکیہ میں 21 ہزار 661 اور لٹویا میں 22 ہزار 688 یورو رہی۔
یہ تمام اعداد و شمار ٹیکس اور دیگر کٹوتیوں سے پہلے کی مجموعی تنخواہوں پر مبنی ہیں، اس لیے ملازمین کو ہاتھ میں ملنے والی اصل رقم مختلف ہوسکتی ہے۔
مہنگائی اور اخراجات شامل کیے جائیں تو کیا بدلتا ہے؟
صرف یورو میں تنخواہوں کا موازنہ کرنے سے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کسی ملک میں ملازم اپنی آمدنی سے کتنی اشیا اور سہولیات حاصل کرسکتا ہے، کیونکہ ہر ملک میں رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروریات کی قیمتیں مختلف ہوتی ہیں۔
اس فرق کو سمجھنے کے لیے قوتِ خرید کا معیار استعمال کیا جاتا ہے۔ اس طریقے سے مختلف ممالک میں قیمتوں کے فرق کو مدنظر رکھ کر تنخواہوں کا موازنہ کیا جاتا ہے۔
یوروسٹیٹ کے اعداد و شمار کی بنیاد پر یورونیوز بزنس کے تجزیے کے مطابق قوتِ خرید کو شامل کرنے کے بعد لکسمبرگ 65 ہزار 106 پی پی ایس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر رہا، تاہم سب سے زیادہ اور سب سے کم تنخواہوں کے درمیان فرق پانچ گنا سے کم ہوکر تقریباً تین گنا رہ گیا۔
اس موازنے میں بلغاریہ کی پوزیشن دو درجے بہتر ہوئی، جبکہ یونان 21 ہزار 486 پی پی ایس کے ساتھ آخری نمبر پر آگیا۔
آسٹریا پانچویں سے دوسرے نمبر پر پہنچ گیا، جبکہ ڈنمارک دوسرے سے چوتھے اور آئرلینڈ تیسرے سے چھٹے نمبر پر چلا گیا۔ اسی طرح پولینڈ اور لتھوانیا کی درجہ بندی میں تین تین درجے بہتری آئی، جبکہ رومانیہ پانچ درجے اوپر آکر 18ویں نمبر پر پہنچ گیا۔
تنخواہوں میں اتنا فرق کیوں ہے؟
ماہرین کے مطابق یورپی ممالک میں تنخواہوں کے فرق کی بڑی وجوہات معاشی ترقی، ملازمین کی پیداواری صلاحیت، تعلیم اور کام کے مواقع ہیں۔
یونیورسٹی آف تارتو کے ایسوسی ایٹ پروفیسر جان ماسّو کے مطابق کسی ملک میں معاشی ترقی کی سطح اور وہاں کام کرنے والے افراد کی پیداواری صلاحیت جتنی زیادہ ہوگی، عموماً تنخواہیں بھی اتنی ہی بہتر ہوں گی۔
ماہرین کے مطابق کم از کم اجرت کے قوانین اور ملازمین کے اجتماعی معاہدے بھی تنخواہوں میں فرق کم یا زیادہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اسکینڈے نیوین ممالک میں عموماً ملازمین کی آمدنی کے درمیان فرق نسبتاً کم پایا جاتا ہے۔
امیر ممالک میں مہنگائی بھی زیادہ کیوں؟
ماہرین کے مطابق جن ممالک کی معیشت مضبوط اور آمدنی زیادہ ہوتی ہے، وہاں اشیا اور خدمات کی قیمتیں بھی عموماً زیادہ ہوتی ہیں۔
اس کی ایک مثال حجام کی دکان ہے۔ بال کٹوانے میں تقریباً اتنا ہی وقت لگتا ہے، چاہے ملک میں تنخواہیں زیادہ ہوں یا کم۔ لیکن جس ملک میں ملازمین کی اجرت زیادہ ہوگی، وہاں حجام کو بھی زیادہ معاوضہ دینا پڑے گا، جس کے نتیجے میں خدمات کی قیمت بڑھ سکتی ہے۔
اسی لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی ملک کی تنخواہوں کا جائزہ لیتے وقت وہاں کے رہائشی اخراجات کو بھی ضرور دیکھنا چاہیے۔ تاہم قوتِ خرید کے حساب سے معمولی فرق کو ممالک کی حتمی درجہ بندی نہیں سمجھنا چاہیے۔
مشرقی اور مغربی یورپ میں فرق کم ہو رہا ہے؟
ہانس بیکلر فاؤنڈیشن کے انسٹی ٹیوٹ آف اکنامک اینڈ سوشل ریسرچ سے وابستہ ماہرِ اجرت مالٹے لوبکر کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران مشرقی اور مغربی یورپ کے درمیان تنخواہوں کا فرق کافی حد تک کم ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پہلے مشرقی یورپ میں کم اجرت کو مغربی یورپ میں تنخواہوں کو محدود رکھنے کے جواز کے طور پر پیش کیا جاتا تھا، تاہم وقت کے ساتھ یہ فرق کم ہوا ہے۔
قوتِ خرید کو مدنظر رکھا جائے تو اب پولینڈ کے بعض ملازمین کے لیے جرمنی میں ملازمت اختیار کرنا پہلے کی نسبت کم پرکشش ہوچکا ہے۔
اوسط تنخواہ ہر ملازم کی آمدنی نہیں بتاتی
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ کل وقتی ملازمت کی بنیاد پر تنخواہوں کا موازنہ مفید ضرور ہے، لیکن اس سے ہر ملازم کی حقیقی مالی حالت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔
کئی ممالک میں لوگوں کے لیے کل وقتی ملازمت حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا، جبکہ بعض افراد، خصوصاً خواتین، گھریلو ذمہ داریوں اور بچوں کی دیکھ بھال کے باعث جزوقتی ملازمت کو ترجیح دیتی ہیں۔
اس کے علاوہ کسی ملک کی اوسط تنخواہ چند انتہائی زیادہ معاوضہ لینے والے افراد کی وجہ سے بھی بڑھ سکتی ہے۔ مثال کے طور پر لکسمبرگ میں مالیاتی شعبے کی زیادہ تنخواہوں والی ملازمتیں مجموعی اوسط کو اوپر لے جاسکتی ہیں۔
اس لیے ماہرین کے مطابق کسی ملک میں ملازمین کے معیارِ زندگی کو سمجھنے کے لیے صرف اوسط تنخواہ دیکھنا کافی نہیں، بلکہ وہاں کے اخراجات، ٹیکس، ملازمت کے مواقع اور کام کے اوقات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔