
اسرائیل کے نگراں وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نے خالیہ ہونے والے الیکشن کے انتخابی نتائج کو باضابطہ طور پر چیلنج کرتے ہوئے 120 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کرانے کی درخواست دائر کردی ہے۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق جماعت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی شناخت سے متعلق معلومات کے تبادلے میں انتخابی ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی۔
اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت کے مطابق لیکوڈ پارٹی نے بدھ کی رات یروشلم ڈسٹرکٹ کورٹ میں درخواست جمع کرائی، جو انتظامی عدالت کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 120 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کالعدم قرار دیے جائیں اور ان مقامات پر دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔
اسرائیلی اخبار ہارٹز کے مطابق لیکوڈ پارٹی نے اپنی درخواست کے ساتھ حلف نامے بھی جمع کرائے ہیں، جن میں عرب آبادی والے علاقوں کے درجنوں پولنگ اسٹیشنز پر مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں زیادہ تر الزامات ووٹرز کی شناخت سے متعلق معلومات کے تبادلے سے متعلق ہیں، جس کے بارے میں جماعت کا دعویٰ ہے کہ یہ مرکزی انتخابی کمیٹی اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔
تاہم ہارٹز نے واضح کیا کہ لیکوڈ کی درخواست میں انتخابی رشوت ستانی یا بڑے پیمانے پر دھاندلی کے شواہد پیش نہیں کیے گئے۔
اخبار نے لیکوڈ کے ایک نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جماعت کو اس بات کا ادراک ہے کہ اس کے پاس منظم انتخابی دھاندلی یا ووٹوں کی خرید و فروخت کے الزامات ثابت کرنے کے لیے شواہد موجود نہیں، اس لیے اس نے اپنی قانونی کارروائی میں ووٹرز کی شناخت سے متعلق معلومات کے اندراج اور ان کے استعمال کو بنیادی نکتہ بنایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیکوڈ کا اعتراض ہے کہ ووٹرز کی شناخت سے متعلق معلومات ایسی درخواستوں اور سرگرمیوں میں استعمال کی گئیں جن کا مقصد لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینا تھا، جبکہ اس عمل کو انتخابی حکام اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے منافی قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب مرکزی انتخابی کمیٹی کے حکام کا خیال ہے کہ اگر لیکوڈ کے یہ الزامات ثابت بھی ہوجائیں تو محض اس بنیاد پر متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کے نتائج منسوخ کرنے کے لیے قانونی جواز فراہم نہیں ہوگا۔ اس مؤقف کا حوالہ بھی ہارٹز نے اپنی رپورٹ میں دیا ہے۔
لیکود پارٹی کی درخواست پر ردعمل دیتے ہوئے گادی آئزن کوٹ کی جماعت یاشر نے الزام عائد کیا ہے کہ نیتن یاہو کی جماعت انتخابی نتائج کی ساکھ اور جمہوری عمل کی قانونی حیثیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
یدیعوت احرونوت کے مطابق یاشر پارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ جو لوگ حقیقی اتحاد چاہتے ہیں وہ جمہوری انتخابات کے نتائج کو مسلسل مشکوک بنانے کی مہم نہیں چلاتے اور عوام کی رائے تسلیم کرنے سے انکار نہیں کرتے۔
یہ پیش رفت اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے جاری سیاسی عمل کے دوران سامنے آئی ہے۔ گادی آئزن کوٹ کو صدر اسحاق ہرزوگ کی جانب سے حکومت بنانے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے، جس کے تحت انہیں 6 دسمبر تک نئی حکومت تشکیل دینی ہے۔ تاہم ضرورت پڑنے پر اس مدت میں مزید 14 دن کی توسیع کی جا سکتی ہے۔
لیکود پارٹی کی جانب سے انتخابی نتائج کو چیلنج کرنے کی درخواست پر عدالتی کارروائی اور اس کے ممکنہ فیصلے کو نئی حکومت کی تشکیل کے دوران اہم سیاسی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔