
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا ہے کہ موجودہ سینٹرل کنٹریکٹس میں مزید 2 کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی گنجائش موجود ہے، تاہم کنٹریکٹ کے حصول کے لیے فٹنس کو بنیادی اور اولین شرط قرار دیا گیا ہے۔
پی سی بی کے پوڈ کاسٹ پروگرام ’سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کے مقاصد اور پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ معاشی مسائل سے بے فکر ہو کر اپنی توجہ مکمل طور پر کرکٹ پر مرکوز رکھ سکیں۔
عاقب جاوید نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس کی تشکیل میں کھلاڑیوں کی ماضی کی کارکردگی کے ساتھ مستقبل کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
پی سی بی گزشتہ 2 برس سے سینٹرل کنٹریکٹس کے روایتی نظام میں تبدیلی لانے کی کوشش کر رہا ہے اور اسی سلسلے میں کنٹریکٹ کی مختلف کیٹیگریز کو کرکٹ کے فارمیٹس کی بنیاد پر ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ سینٹرل کنٹریکٹس میں مزید 2 کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی گنجائش بھی موجود ہے، تاہم کنٹریکٹ کے حصول کے لیے فٹنس کو بنیادی اور اولین شرط قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فٹنس، ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت اور مؤثر کارکردگی وہ اہم معیار ہیں جنہیں کھلاڑیوں کے انتخاب میں پیش نظر رکھا جائے گا۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے لیے کم از کم 4 فرسٹ کلاس میچز کھیلنا ضروری ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھلاڑیوں کو اپنی تکنیک بہتر بنانے اور طویل دورانیے کی کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
عاقب جاوید نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ قومی فاسٹ بولر حارث رؤف کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے سے بہت فائدہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے خصوصی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کی میچ فیس اور دیگر مالی مراعات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹی 20 کرکٹ کے خصوصی کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے علاوہ مزید 3 غیر ملکی لیگز میں کھیلنے کی اجازت دی جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد ٹی 20 کھلاڑیوں کے لیے مواقع پیدا کرنا اور انہیں مختلف مسابقتی ماحول میں اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
عاقب جاوید نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم کو آئندہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کے لیے تیار کرنا پی سی بی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان میں موجود ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں نویں پوزیشن قابل قبول نہیں اور بورڈ قومی ٹیم کو عالمی سطح پر بہتر مقام دلانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس کا نیا نظام صرف مالی سہولتوں تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد کھلاڑیوں کو فٹنس، ڈومیسٹک کرکٹ اور کارکردگی کے حوالے سے زیادہ ذمہ دار بنانا بھی ہے۔