بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 12 دہشت گرد ہلاک


پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 20 نومبر سے شروع ہونے والی انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کو بھارت کی پشت پناہی حاصل تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انسداد دہشت گردی مہم کے تسلسل میں نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ کے اضلاع میں متعدد کارروائیاں کی گئیں۔

20 نومبر کو ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے اور ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ 21 نومبر کو ضلع سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے دوران کی گئی کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ کے اضلاع میں ہونے والی دو دیگر جھڑپوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کر کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles