کراچی میں عمارت گرنے کا مقدمہ درج، 4 نامزد ملزمان گرفتار


کراچی کے علاقے ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرکے چار نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ مقدمے میں زمین کے مالک، بلڈر اور انجینئرز سمیت 10 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس کے دوران اب تک 3 لاشیں اور 14 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں ٹیپو سلطان تھانے میں درج کیا گیا ہے، جس میں قتل، غفلت اور لاپرواہی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے میں زمین کے مالک، بلڈر، کنٹریکٹر، انجینئرز اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ سرکاری افسران کی مبینہ ملی بھگت کا پہلو بھی مقدمے میں شامل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد مقدمے کا مکمل ریکارڈ سیل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ریسکیو حکام کے مطابق ایڈمن سوسائٹی میں منہدم عمارت کے ملبے سے اب تک 3 لاشیں اور 14 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے۔
ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش میں مصروف ہیں اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles