ٹرمپ کا امریکا کے پہلے مسلمان سینیٹر عبدل السید سے ملاقات کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست مشی گن سے نومنتخب ڈیموکریٹ سینیٹر عبدال السید سے ملاقات کا اعلان کیا ہے جس میں تمام امریکی شہریوں کے لیے یونیورسل ہیلتھ کیئر کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں دیے گئے انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے عبدال السید کے حوالے سے کہا کہ ’وہ ایک ذہین شخص ہیں۔ انہوں نے اچھا کام کیا اور واقعی یہ بہت بڑا کام ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ان سے ملاقات کروں گا اور شاید ہم درمیان کا کوئی راستہ نکال سکیں۔‘

نیویارک پوسٹ کے مطابق ٹرمپ نے عبدل الیسد کی جانب سے یونیورسل ہیلتھ کیئر منصوبے کو ان کے نام سے منسوب کرنے ’ٹرمپ کیئر‘ رکھنے کی تجویز کو سراہا۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ کانگریس میں نومنتخب ڈیموکریٹ اکثریت کے ساتھ مل کر کئی اچھے کام کر سکتے ہیں، تاہم ابتدا میں اختلافات اور کشیدگی کا امکان بھی موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا، ’میں ہر چیز کو ویٹو کرنے جا رہا ہوں، میرا خیال ہے کہ وہ پھر کسی مرحلے پر مجھ سے بات کرنا چاہیں گے اور میں اس کے لیے تیار ہوں، ہم صحت کے شعبے میں کام کر سکتے ہیں۔ ہم مل کر بہت سے اچھے کام کر سکتے ہیں۔‘

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی وسط مدتی انتخابات میں صدر ٹرمپ نے مشی گن سے ڈیموکریٹ امیدوار عبدل السید کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا تاہم اس کے باوجود وہ امریکا کے پہلے مسلم سینیٹر منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے۔

عبدال السید جو پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں، نے اپنی انتخابی مہم کے دوران تمام امریکی شہریوں کے لیے صحت کی سہولتوں کی فراہمی کو بنیادی ترجیح قرار دیا تھا اور ’میڈی کیئر فار آل‘ نامی خصوصی منصوبے کی تجویز پیش کی تھی۔

رواں ماہ کے آغاز میں عبدل السید نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سونے کے رنگ کے ایک فرضی ’ٹرمپ کیئر‘ ہیلتھ کارڈ کی تصویر شیئر کی تھی۔

اس پوسٹ میں انہوں نے صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ امریکی شہریوں کو پیدائش سے لے کر زندگی کے آخری مرحلے تک صحت کی سہولتوں کی ضمانت دیں۔

ٹرمپ نے غیر متوقع طور پر ہفتے کو اس پوسٹ کا اسکرین شاٹ اپنے اکاؤنٹ پر دوبارہ شیئر کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ممکنہ ملاقات کی بات سامنے آئی۔

واضح رہے کہ حالیہ وسط مدتی انتخابات کی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ اور عبدال السید کے درمیان شدید سیاسی محاذ آرائی رہی۔ اکتوبر میں ایک انتخابی جلسے کے دوران ٹرمپ نے عبدال السید پر سنگین الزامات بھی عائد کیے تھے۔
ایک دوسرے انتخابی خطاب میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر عبدال السید کامیاب ہوئے تو یہ امریکا کے لیے تباہ کن دھچکا ہوگا۔

وسط مدتی انتخابات کے اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس کو ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں واضح اکثریت مل چکی ہے۔ جس سے ٹرمپ کے لیے صدارتی مدت کے آخری دو برسوں میں کانگریس میں ڈیموکریٹ کے ساتھ مل کر کام کرنا ضروری ہوگیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles