وزیراعظم سے گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تعاون کی یقین دہانی


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، صوبے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر سیکیورٹی فورسز اور خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے وفاقی حکومت اپنا تعاون جاری رکھے گی۔
شہباز شریف نے صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم نے صحت اور تعلیم سمیت سماجی ترقی کے شعبوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کھیلوں کی سہولیات کو فروغ دیا جائے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے گورنر اور خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles