
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ ایک مستند اور قابلِ احترام سیاسی کارکن ہیں جنہوں نے ماضی میں مشکلات کے باوجود سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ رانا ثناء اللہ ایک مستند اور محترم سیاسی کارکن ہیں اور سیاسی رہنما سے بڑھ کر سیاسی کارکن کا احترام ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے وقت کے طاقتور حکمرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پرویز مشرف اور ٹی آئی کے دور میں انہیں مشکلات اور سختیوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ان کا سیاسی عزم متزلزل نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ جیسے نظریاتی کارکن کسی بھی سیاسی جماعت کا سرمایہ ہوتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کی سیاسی بصیرت، وفاداری اور ثابت قدمی مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ ہے۔
وفاقی وزرا کے درمیان بیان بازی
خواجہ آصف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں اور انہیں اپنا مؤقف بیان کرنے کا حق حاصل ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ اب پارلیمنٹ میں زیر بحث آئے گا۔
ان کا یہ بیان محسن نقوی کے اس بیان کے بعد سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ایک وزیر ان دنوں روزانہ ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہے ہیں، لیکن جس دن انہوں نے جواب دیا تو وہ وزیر منہ چھپانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کیا محسن نقوی قائداعظم ہیں کہ وہ ان کے افکار پر تبصرہ کریں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ وہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں کیونکہ انہوں نے ہمیشہ اپنا منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی وزرا کو بیان بازی سے گریز کی ہدایت
وفاقی وزرا کے درمیان بیانات کے تبادلے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے ارکان کو ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے وزرا اچھا کام کر رہے ہیں اور انہیں اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت، تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھنی چاہیے۔
انہوں نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی سیاسی بیان بازی سے گریز اور مثبت بات چیت کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے۔