روسی جنگی جہاز پر 140 مسافر طیاروں کے جی پی ایس سگنلز جام کرنے کا شبہ

برطانوی ساحل کے قریب شمالی سمندر میں 140 مسافر طیاروں کے نیوی گیشن سسٹم میں جی پی ایس سگنلز کی مبینہ مداخلت کا انکشاف ہوا ہے، جس کا شبہ ایک روسی بحری جنگی جہاز پر ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دی سن کی رپورٹ کے مطابق 9 نومبر کو متعدد فضائی کمپنیوں کی پروازیں متاثر ہوئیں اور ایک وقت میں 92 طیاروں کے جی پی ایس سگنلز میں خلل پڑا۔

رپورٹ کے مطابق 9 نومبر کو شمالی سمندر میں جی پی ایس سگنلز میں خلل کا واقعہ پیش آیا، جو تقریباً 20 منٹ تک جاری رہا۔ اس دوران رائن ایئر، ایزی جیٹ اور برٹش ایئرویز کی پروازوں سمیت مجموعی طور پر تقریباً 140 طیارے متاثر ہوئے، جبکہ ایک وقت میں 92 طیاروں کے نیوی گیشن سگنلز میں خرابی ریکارڈ کی گئی۔

فضائی نگرانی کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے والے ادارے ہیکس برڈ (Hexbird) کے مطابق مشتبہ ریڈیو ٹرانسمیٹر شمالی سمندر میں برطانوی ساحل سے تقریباً 190 میل دور موجود تھا۔ اس مقام کے قریب روسی بحری جہازوں کا ایک قافلہ بھی موجود تھا، جس کے ساتھ ایک روسی جنگی جہاز سفر کررہا تھا۔

اطلاعات کے مطابق فرانس اور نیدرلینڈز کے بحری جہاز بھی روسی قافلے کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ تاہم دستیاب تکنیکی شواہد سے یہ حتمی طور پر ثابت نہیں ہوسکا کہ جی پی ایس سگنلز میں مداخلت روسی بحری جہاز نے ہی کی تھی۔

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر اس واقعے میں روسی بحری جہاز ملوث ثابت ہوا تو اسے مغربی ممالک کے خلاف الیکٹرانک جنگی کارروائی تصور کیا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کی مداخلت یورپ کی فضائی سلامتی کے لیے تشویش ناک ہے۔

رپورٹس کے مطابق متبادل نیوی گیشن نظام اور پائلٹس کی تربیت کے باعث طیاروں کی پروازیں محفوظ رہیں اور کسی بڑے حادثے کی اطلاع نہیں ملی۔ نیدرلینڈز کے فضائی ٹریفک حکام کے مطابق جی پی ایس میں خرابی کا سامنا کرنے والی سات پروازوں کو متبادل رہنمائی فراہم کی گئی اور تمام طیارے بحفاظت لینڈ کرگئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل میں جی پی ایس سگنلز میں ایسی مداخلت کے ساتھ فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام میں بھی خرابی پیدا ہوگئی تو صورتحال زیادہ سنگین ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles