
ایران نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خطے میں سلامتی کی بحالی امریکا کی جانب سے اپنے وعدے پورے کرنے اور ایرانی شرائط تسلیم کرنے سے مشروط ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پیر کو تہران میں ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران اپنے وعدے پورے کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور دوسرا فریق متعلقہ شرائط پوری کردے تو تہران بھی اپنی ذمہ داریاں کم سے کم وقت میں ادا کرسکتا ہے۔
ان کا یہ بیان ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا اپنے وعدے پورے کرے تو ایران دو گھنٹے میں آبنائے ہرمز دوبارہ کھول سکتا ہے۔ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اپنے وعدوں پر عمل درآمد، اپنے حقوق کے تحفظ اور طے شدہ شرائط پر قائم رہنے کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران جانتا ہے کہ اسے کیا چاہیے اور ایرانی عوام کے حقوق کی مکمل حدود سے بھی آگاہ ہے، اس معاملے پر کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق ایران کی شرائط میں غیرمنصفانہ اور غیرقانونی پابندیوں کا خاتمہ، بحری ناکہ بندی اٹھانا اور تہران و واشنگٹن کے درمیان رواں سال 18 جون کو طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی تمام شرائط پر عمل درآمد شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی نئے مطالبات نہیں بلکہ ایران کے حقوق کا حصہ ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران 1970 سے جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کا رکن ہے اور جب تک اس معاہدے کا حصہ رہے گا، اس کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔ ان کے مطابق وزارت خارجہ کو اب تک معاہدے سے علیحدگی کا کوئی حتمی فیصلہ موصول نہیں ہوا۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے اعلان کیا ہے کہ این پی ٹی سے علیحدگی کا منصوبہ تیار ہے۔ ان کے مطابق ملک کی جانب سے حتمی فیصلہ ہوتے ہی اس منصوبے کی منظوری کم سے کم وقت میں دے دی جائے گی۔
چین، روس اور امریکا کے صدور کی گزشتہ جمعرات کو شینزن میں ہونے والی سہ فریقی ملاقات کے بارے میں سوال پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ عالمی اجلاسوں میں مختلف معاملات پر بات چیت ہوتی رہتی ہے، تاہم ایران اب صرف ایک فعال فریق نہیں بلکہ عالمی اور علاقائی پیش رفت پر اثر انداز ہونے والی قوت بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس اور چین ایران کے دوست ممالک ہیں اور تہران کا دونوں ملکوں سے ملاقات سے پہلے بھی رابطہ تھا، جب کہ اجلاس کے بعد سفارت خانوں کے ذریعے مزید بات چیت ہوئی۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اپنے معاملات کے فیصلے خود کرتا ہے اور ایران سے متعلق فیصلے کہیں اور نہیں بلکہ تہران میں کیے جائیں گے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل کا لبنان کے بعض علاقوں پر قبضہ ہی اس ملک کی آزادی اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے کا سبب ہے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کی مزاحمتی تحریک اسرائیلی قبضے اور جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے قائم کی گئی تھی۔ اسماعیل بقائی نے یہ بیان لبنانی صدر کے اس حالیہ مؤقف کے جواب میں دیا جس میں انہوں نے ایران کی مداخلت اور اسرائیلی قبضے کو لبنان کے لیے دو بڑے چیلنج قرار دیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے ایرانی جہازوں کو نشانہ بنانے اور ڈبونے کی دھمکی پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کی دھمکیاں اور بیانات کوئی نئی بات نہیں، ایران تقریباً 50 سال سے ایسی دھمکیوں کا سامنا کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایسی دھمکیوں کے سامنے اپنے وطن، حقوق اور وقار سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق امریکی دھمکیاں ایران کو واشنگٹن اور اس کے اتحادیوں کی کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید متحد اور پُرعزم کریں گی۔
ایرانی ڈیمز کو فوجی تنصیبات قرار دینے اور تہران پر ڈرٹی بم استعمال کرنے کے امکان سے متعلق امریکی میڈیا کی رپورٹس پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا ایسی کارروائی کرنے کی جرأت نہیں کرے گا۔
انہوں نے ان رپورٹس کو غیرپیشہ ورانہ اور غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ امریکی نفسیاتی مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کو جواز فراہم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتخابات کے بعد سامنے آنے والی ان رپورٹس کا وقت بھی اہم ہے۔ امریکی عوام نے اپنے ووٹوں کے ذریعے حکومتی پالیسیوں کی مخالفت ظاہر کی ہے، تاہم واشنگٹن کی سابقہ کارروائیوں کو درست ثابت کرنے کے لیے غلط معلومات پھیلائی جارہی ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران امریکی اقتصادی اور بحری ناکہ بندی برداشت نہیں کرے گا اور اس کے خلاف تمام دستیاب ذرائع استعمال کرے گا۔ ان کے مطابق ایران نے امریکی پابندیوں اور ناکہ بندی کا مقابلہ کرنے کے لیے سیاسی، سفارتی اور دفاعی اقدامات تیار کرلیے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کا اجلاس 3 اور 4 دسمبر کو تہران میں ہوگا۔
ان کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے حالیہ اجلاس میں منظور کی گئی متعدد قراردادوں کی توثیق کی جائے گی۔
قطر اور جرمنی کے مشترکہ بیان میں ایران پر علاقائی ممالک پر حملوں، جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز میں سمندری سلامتی سے متعلق الزامات پر اسماعیل بقائی نے حیرت اور گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جرمنی کی خارجہ پالیسی میں خودمختاری اور مستقل مزاجی کا فقدان طویل عرصے سے واضح ہے، تاہم قطر کا اس مشترکہ بیان میں شامل ہونا غیرمتوقع تھا۔ ان کے مطابق قطر ایران کا پڑوسی ملک ہے اور دونوں کے درمیان اہم تعلقات قائم ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ جرمنی کے ساتھ مشترکہ بیان میں شامل ہونے کے قطر کے فیصلے کی وضاحت ضروری ہے، جب کہ اس میں لگائے گئے الزامات ایران کے لیے مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔
اسماعیل بقائی نے اقوام متحدہ کی اصلاحات سے متعلق سوال پر کہا کہ تنظیم میں تبدیلیوں کے طریقہ کار پر مختلف آرا ہوسکتی ہیں، تاہم اس میں کوئی شک نہیں کہ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ امریکی اور اسرائیلی خفیہ ادارے ایران کے اندر دہشت گرد گروہوں کو مسلح کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ناکام کوششوں کا تسلسل ہے، جس میں گزشتہ تین سے چار برس کے دوران تیزی آئی ہے۔
یورپ میں تارکین وطن کے خلاف بڑھتے اقدامات پر انہوں نے کہا کہ یورپی حکومتوں کی پالیسیوں کے نتیجے میں یہ رجحان خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے اور انسانی حقوق کو بطور ہتھیار استعمال کیا جارہا ہے۔
کینیڈا کی جانب سے ایران کے خلاف انسانی حقوق کی قرارداد پیش کیے جانے پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایسی قراردادیں پیش کرنے والے ایرانی عوام کے انسانی حقوق کی کوئی اہمیت نہیں سمجھتے۔