
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں گزشتہ دو ریفرنڈم آمریت کے ادوار میں ہوئے تھے، تاہم موجودہ ریفرنڈم اس اعتبار سے مختلف ہوگا کہ یہ پارلیمنٹ سے آئے گا۔
ملک محمد احمد خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب سے یہ آئین وجود میں آیا، ریفرنڈم کی شق اس وقت سے آئین میں موجود ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے معاملے پر کھل کر بات کرنے کے لیے پارلیمنٹ ہی واحد موزوں فورم ہے۔اگر ماضی میں آئین کا غلط استعمال ہوا ہے تو ان تمام غلط چیزوں کو آئین سے نکال باہر کرنا چاہیے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ عوام کا ریاست سے رشتہ کمزور ہو رہا ہے اور یہ تعلق اسی صورت میں مضبوط ہو سکتا ہے جب وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔
نئے صوبوں پر ریفرنڈم کی تجویز مسترد
پیپلز پارٹی نے نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کی تجویز کو ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں چوہدری منظور اور ندیم افضل چن نے کہا کہ آئین میں تبدیلی کا اختیار صرف سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے ذریعے آئینی طریقہ کار کو نظرانداز کرنے کی کوشش سے آئین کی شق 58 ٹو بی دوبارہ بحال ہونے کا راستہ کھل سکتا ہے۔
چوہدری منظور نے آئینی طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام یا آئینی تبدیلی کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل 239 میں واضح طریقہ کار موجود ہے۔
ان کے مطابق اس عمل کے لیے پہلے قومی اسمبلی اور پھر متعلقہ صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر متعلقہ صوبائی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے اس تجویز کو مسترد کر دے تو معاملہ صدر مملکت کے پاس نہیں جا سکتا۔ ان کے بقول اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ متعلقہ صوبائی اسمبلی کو اس آئینی شق کے تحت ویٹو کا اختیار حاصل ہے۔
بلاول بھٹو حکومت گرانا نہیں چاہتے، ندیم افضل چن
پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری حکومت گرانا نہیں چاہتے بلکہ انہوں نے پارلیمانی نظام کو مضبوط بنانے اور مختلف مسائل پر قومی یکجہتی کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر چند وزرا سیاسی نظام کی تباہی کی بات کر رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ پوری کابینہ کا یہی مؤقف ہے۔
ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ حکومت کو اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے بجائے ملک کو درپیش مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔