سعودی طیاروں کی صنعا میں بمباری، پیٹرولیم کمپنی کے 6 ملازمین زخمی

یمن کے دارالحکومت صنعا میں سرکاری تیل کمپنی کی تنصیب پر مبینہ فضائی حملے میں کم از کم چھ ملازمین زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے ایک ڈرون اور ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں تباہ کر دیا ہے۔

حوثیوں سے منسلک ’یمن‘ نیوز ایجنسی نے وزارت صحت و ماحولیات کے ترجمان انیس الاصباحی کے حوالے سے بتایا کہ اتوار کے روز سعودی طیاروں نے صنعا کی 60ویں اسٹریٹ پر سرکاری تیل کمپنی کے زیر انتظام ایک فیول اسٹیشن کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چھ ملازمین زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔

حوثی ذرائع ابلاغ کے مطابق یمن کے مختلف علاقوں میں سعودی اتحادی افواج کے حملوں میں ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں، جہاں مختلف رپورٹس میں دو سے پانچ حوثی جنگجوؤں کی ہلاکت اور 18 کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ مقامی حکام کے مطابق حملے میں کمپنی کے مرکزی دفتر کو بھی نقصان پہنچا۔

انصار اللہ کے نام سے پہچانے جانے والے مسلح گروہ حوثیوں کے خلاف برسرپیکار سعودی عرفب کے زیرِ قیادت اتحاد کی جانب سے صنعا میں تیل کمپنی پر حملے کے دعوے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

ادھر سعودی اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے حوثیوں کی جانب سے دارالحکومت ریاض کی طرف بھیجے گئے ایک ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔

ترجمان نے اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

ترکی المالکی کا یہ بیان اس اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کے مغربی علاقے کو نشانہ بنانے والے ایک بیلسٹک میزائل کو راستے میں روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔

سعودی عرب کے مغربی خطے میں توانائی کی اہم تنصیبات موجود ہیں جن میں خام تیل کی برآمدات کے لیے ینبع آئل ٹرمینل اور یمن کی سرحد کے قریب انتہائی جنوب مغرب میں جازان ریفائنری شامل ہیں۔

حالیہ ہفتوں کے دوران حوثیوں نے سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات، ہوائی اڈوں اور فوجی مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔

دوسری جانب یمن کے اندر بھی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی افواج اور حوثیوں کے درمیان متعدد محاذوں پر جھڑپیں جاری ہیں، جس کے باعث نقل مکانی اور خوراک کی قلت میں مزید اضافے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

حوثیوں نے ستمبر 2014 میں صنعا پر قبضے کے بعد شمالی اور مغربی یمن کے بیشتر حصوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا جبکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت جنوب کے بیشتر حصوں پر قابض ہے۔

اگرچہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی نے 2022 میں لڑائی کو بڑی حد تک روک دیا تھا، تاہم رواں موسم گرما میں حوثیوں کی جانب سے سعودی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے اعلان کے بعد تنازع دوبارہ بھڑک اٹھا۔

حوثی گروہ نے ستمبر میں ایک تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے آبنائے باب المندب کے قریب یمن کے بحیرہ احمر کے بیشتر ساحلی علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا۔

یمن کی حکومتی افواج نے گزشتہ ماہ یہ علاقے واپس لینے کے لیے جوابی کارروائی شروع کی، تاہم رواں ماہ کے اوائل میں حکومت کی اتحادی فورسز نے کہا کہ وہ آبنائے کے گردونواح کے علاقوں سے پیچھے ہٹ کر عدن کے دفاع پر توجہ مرکوز کریں گی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ تنازع اب صرف یمن کے اندرونی حالات تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ وسیع تر علاقائی محاذ آرائی اور ایران کے خلاف امریکا و اسرائیل کی جنگ کے ساتھ جڑ چکا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق ستمبر سے اب تک سعودی عرب میں حوثی حملوں کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے 23 افراد ہوائی اڈوں پر حملوں میں مارے گئے۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ جمعرات کو ریاض کے مالیاتی مرکز میں سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ہیڈکوارٹر والی عمارت کی کئی منزلوں کو حوثی حملے میں نقصان پہنچا، جبکہ رواں ماہ کے آغاز میں سرکاری تیل کمپنی آرامکو کی ایک بلند و بالا عمارت بھی حملے کی زد میں آ کر متاثر ہوئی تھی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles