
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمہ فورم میں پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی اہم تجاویز کو متفقہ طور پر حتمی سفارشات میں شامل کر لیا گیا ہے، جسے ثقافتی سفارت کاری کے محاذ پر ایک نمایاں پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
فورم کے اختتامی مرحلے میں بھارت کے سیکریٹری ثقافت نے حتمی سفارشات کا خلاصہ پیش کیا، جس میں رکن ممالک کے درمیان ثقافتی اور تحقیقی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے سے متعلق پاکستانی نکات کی باضابطہ توثیق کی گئی۔
قبول کی گئی تجاویز میں رکن ممالک کے ثقافتی شعبوں کے درمیان باہمی روابط اور تعاون کو مضبوط بنانا، تحقیقی اداروں میں اشتراک بڑھانا اور مشترکہ تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا شامل ہے۔
اس کے علاوہ ثقافت سے متعلقہ اداروں اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنے کی پاکستانی تجویز بھی منظور کر لی گئی ہے۔
حتمی سفارشات میں موسمیاتی تبدیلیوں سے تہذیبی و تاریخی ورثے کو لاحق خطرات سے بچانے کے لیے ایس سی او ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ تاریخی نوادرات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے کی تجویز بھی تسلیم کر لی گئی ہے۔
ان سفارشات کی منظوری کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان ثقافتی ورثے کے تحفظ، تحقیقی تبادلوں اور نوادرات کی اسمگلنگ کے خلاف ادارہ جاتی سطح پر عملی تعاون کے اگلے مراحل پر کام آگے بڑھایا جائے گا۔