
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کی جانب سے امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو میزائل سے نشانہ بنانے اور نقصان پہنچانے کے دعوے کی تردید کردی ہے۔ سینٹ کام کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجود تمام امریکی جنگی طیارے محفوظ ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ہفتے کے روز ایرانی میڈیا کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کے فضائی دفاعی نظام نے جمعے کی شام خلیج فارس کے اوپر ایک امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا، جس سے طیارے کو نقصان پہنچا اور وہ ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہوگیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق طیارے کو نشانہ بنائے جانے کے بعد اسے اپنا مشن ادھورا چھوڑنا پڑا اور قریبی ہوائی اڈے پر اترنا پڑا تھا۔
تاہم سینٹ کام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے گزشتہ روز کسی بھی امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے پر حملہ نہیں کیا۔ کمانڈ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں موجود تمام امریکی جنگی طیارے محفوظ ہیں اور ان کا مکمل حساب موجود ہے۔
اس سے قبل ایرانی عسکری ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کے ذریعے ایک امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو نقصان پہنچایا گیا، جس کے بعد اسے متحدہ عرب امارات میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
ایرانی ذرائع کے مطابق طیارہ خلیج فارس کے اوپر ایرانی فضائی حدود کے قریب پہنچ رہا تھا کہ اس کے نزدیک پراکسیمیٹی فیوز میزائل پھٹا، جس سے طیارہ متاثر ہوا اور پائلٹ کو ہنگامی طور پر قریبی ہوائی اڈے پر اترنا پڑا۔
فلائٹ ٹریکنگ رپورٹس سے بھی اس واقعے کے حوالے سے یہ نشاندہی کی گئی تھی کہ ایک امریکی ایف 16 طیارے نے متحدہ عرب امارات کی جانب نیچے اترنے سے قبل ایمرجنسی کوڈ 7700 جاری کیا تھا تاہم امریکی حکام نے طیارے کو نشانہ بنائے جانے یا نقصان پہنچنے کی تصدیق نہیں کی اور ایرانی دعوے کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہوسکی۔
ایران اس جنگ کے دوران اس سے پہلے بھی امریکی طیاروں کو مار گرانے یا نقصان پہنچانے کے دعوے کرچکا ہے تاہم امریکی فوج ان دعوؤں کی تردید کرتی رہی ہے۔
خطے میں حملوں اور جوابی کارروائیوں میں تیزی
ایف 16 طیارے سے متعلق یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران پر حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر علاقوں تک پھیل چکی ہے۔ اس دوران امریکی فوجی تنصیبات اور ایرانی عسکری اہداف پر حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
رواں ہفتے 17 نومبر کو امریکی لڑاکا طیاروں نے ایران کے جزیرے قشم پر پاسداران انقلاب کے میزائل لانچنگ مرکز کو نشانہ بنایا تھا۔ اس کے جواب میں ایران نے بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات اور کویت میں علی السالم ایئربیس کو ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں اور آئل ٹینکروں کی سلامتی بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ 20 نومبر کو عمان کے قریب آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی۔
جنگ سے قبل دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی خام تیل کی ترسیل آبنائے ہرمز سے ہوتی تھی، تاہم امریکی ناکہ بندی اور ایرانی پابندیوں کے باعث اس اہم سمندری گزرگاہ میں جہاز رانی شدید متاثر ہوئی ہے۔
جنگ کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ بحری تجارت متاثر ہونے اور عالمی توانائی کی قیمتوں میں اضافے جیسے اثرات بھی سامنے آئے ہیں۔