
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے 2 بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جب کہ کارروائیوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن ’ردالفتنہ-3‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ضلع مستونگ میں 2 مختلف بڑی کارروائیاں کی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 15 دہشت گرد مارے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پہلی کارروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا اور دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیے گئے جب کہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں دوسری کارروائی کے دوران مزید 10 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے اور ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا جب کہ فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔
کارروائی کے حوالے سے سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر کلیئر کرا لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفتنہ-3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی 2 کامیاب کارروائیوں میں 15 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور عزم قابلِ تحسین ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، بلوچستان سمیت ملک کے ہر حصے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری کوششیں جاری رہیں گی، پاکستان سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
وزیر داخلہ کی سیکیورٹی فورسز کی ستائش
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی جب کہ انہوں نے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ خوارجیوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔