بھارت: میٹا دفاتر کے باہر کانگریس کارکنوں کا احتجاج، توڑ پھوڑ اور پولیس سے جھڑپیں

بھارت کے شہر حیدرآباد میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بندش کے خلاف کانگریس کارکن سڑکوں پر آگئے، میٹا کے دفاتر کے باہر احتجاج کے دوران پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔

بھارت کی سرکاری نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ کے مطابق اپوزیشن جماعت کانگریس کے یوتھ ونگ کے کارکنوں نے انسٹاگرام کی جانب سے اپنے رہنماؤں اور ارکان کے اکاؤنٹس بند کیے جانے کے خلاف میٹا کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا۔

اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ ممبئی میں کارکنوں نے میٹا کے دفتر والی عمارت پر کمپنی مخالف نعرے تحریر کیے، جبکہ گروگرام میں بھی مظاہرین نے اکاؤنٹس بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

یوتھ کانگریس نے دھمکی دی تھی کہ اکاؤنٹس بحال نہ ہونے پر ملک بھر میں میٹا کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

تنظیم کے سوشل میڈیا امور کے انچارج منو جین نے رائٹرز کو بتایا کہ احتجاج کے بعد دو اکاؤنٹس بحال ہوگئے ہیں، تاہم حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ہزاروں اکاؤنٹس تاحال بند ہیں۔

منو جین نے مطالبہ کیا کہ میٹا اپنے الگورتھمز کے ذریعے مواد محدود کرنے کا طریقہ واضح کرے اور حکومتی احکامات پر بند کیے گئے اکاؤنٹس بحال کرے۔ دوسری جانب بی جے پی ترجمان پردیپ بھنڈاری نے الزام لگایا کہ کانگریس کارکنوں نے حیدرآباد میں میٹا کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔

بھارت میں سوشل میڈیا پر مواد ہٹانے اور اکاؤنٹس بند کرنے کے حکومتی اختیارات آزادی اظہار کے حوالے سے تنازع کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ مودی حکومت کا مؤقف ہے کہ ملکی قوانین، عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے پیش نظر مواد ہٹایا جاتا ہے، تاہم اپوزیشن اور آزادی اظہار کی تنظیمیں اسے حکومت مخالف آوازوں کو محدود کرنے کا اقدام قرار دیتی ہیں۔

یہ تنازع رواں سال فروری میں مزید شدت اختیار کرگیا تھا جب بھارتی حکومت نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو غیر قانونی مواد ہٹانے کی مہلت 36 گھنٹے سے کم کرکے صرف 3 گھنٹے کردی۔ آزادی اظہار کے حامیوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اتنے کم وقت میں مواد کی قانونی حیثیت کا تعین کرنا مشکل ہوگا۔

میٹا کے اعداد و شمار کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں بھارت میں مقامی قوانین کے تحت 54 لاکھ سے زائد پوسٹس یا اکاؤنٹس محدود کیے گئے، جو انڈونیشیا کے بعد دنیا میں دوسری بڑی تعداد ہے۔ میٹا کا کہنا ہے کہ ان میں بڑی تعداد ایسے مواد کی تھی جسے مقامی قوانین کے تحت محدود کرنا ضروری تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles