ظہران ممدانی کا نیویارک کی بدنام زمانہ جیل بند کرنے کا اعلان

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے شہر کے بدنام زمانہ جیل کمپلیکس ’رائکرز آئی لینڈ‘ کو 2032 تک بند کرنے کا منصوبہ پیش کر دیا ہے۔

ظہران ممدانی نے اس جیل کو مستقل طور پر بند کرنے کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ رائیکرز آئی لینڈ کو بالآخر بند کرنے کا وقت آگیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ نیویارک کے شہری کئی دہائیوں سے نظام میں ایسی اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں جو محفوظ اور انسانی حقوق کے تقاضوں کے مطابق ہو۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت وہاں موجود قیدیوں کو مرحلہ وار چار نئی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا، قبل از مقدمہ حراست میں افراد کی تعداد کم کی جائے گی اور قیدیوں کی ذہنی صحت، تعلیم اور بحالی کے لیے 146 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس منصوبے کے تحت جیل میں قید افراد کی تعداد 6 ہزار 500 سے کم کرکے تقریباً ساڑھے چار ہزار تک لائی جائے گی۔

نیو یارک انتظامیہ اس مقصد کے لیے مختلف متبادل پروگرام متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جن کے ذریعے مقدمات کا سامنا کرنے والے افراد کو جیل کے بجائے نگرانی میں رکھنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جرائم کی روک تھام میں مدد کے لیے رہائش اور سماجی خدمات کی سہولیات میں اضافے جیسے اقدامات کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

واضح رہے کہ 1932 میں تعمیر ہونے والی نیویارک کی بدنامِ زمانہ جیل ’رائکرز آئی لینڈ‘ دہائیوں سے قیدیوں پر بدترین تشدد، پُر اسرار اموات، غیر انسانی حالات کی وجہ سے دنیا بھر میں بدنام ہے۔ انسانی حقوق کے ادارے اور اخبارات اس جیل کو ’ٹارچر آئی لینڈ‘ بھی کہتے ہیں۔

ظہران ممدانی سے قبل نیویارک کے سابق میئر بل ڈی بلاسیو نے اس جیل کو اگست 2027 تک بند کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

تاہم مقررہ مدت میں ایک سال سے بھی کم وقت باقی رہ جانے کے باوجود اس کی جگہ قائم کیے جانے والے چار چھوٹے جیل کمپلیکس زیرِ تعمیر ہیں، تعمیراتی کام میں تاخیر اور 2020 کے بعد جیلوں میں قیدیوں کی تعداد بڑھنے کے باعث شہر اگست 2027 کی ڈیڈ لائن پوری کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

رائکرز آئی لینڈ متعدد معروف شخصیات کو قید میں رکھنے کے باعث بھی خبروں میں رہی ہے۔ اس جیل میں برطانوی گلوکار جان لینن کے قاتل مارک ڈیوڈ چیپمین، معروف امریکی ریپر ٹوپاک شکور اور برطانوی موسیقار سِڈ وِشس بھی قید رہ چکے ہیں۔

ممدانی کے نئے منصوبے کے تحت جیل کی بندش کے لیے 2032 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس دوران عدالتی نظام میں تاخیر کم کرنے اور حراست کے متبادل پروگراموں پر بھی توجہ دی جائے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles