
وفاقی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خود احتسابی کے تحت وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے امکانات اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کے لیے جامع رپورٹ مرتب کر لی ہے جب کہ گریڈ 17 سے اوپر کے سرکاری افسران کے اثاثے ظاہر کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومتی اصلاحات، اداروں کی کارکردگی، ٹیکس وصولیوں اور شفافیت سے متعلق اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔
وزیر قانون نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گڈ گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے متعدد اقدامات کا آغاز کیا اور اداروں میں بدعنوانی کے امکانات اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کے لیے جامع قومی جائزہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ وزارت قانون و انصاف نے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر ’نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنرایبلٹیز‘ کے تحت ایک جامع رپورٹ تیار کی ہے، یہ رپورٹ کسی ادارے کے خلاف چارج شیٹ نہیں بلکہ اصلاحات اور بہتری کے لیے حفاظتی و انتظامی اقدام ہے۔
جائزے کے لیے 25 وفاقی اداروں کا انتخاب
انہوں نے مزید کہا کہ رپورٹ کا مقصد وفاقی اداروں میں شفافیت، میرٹ اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانا ہے، رپورٹ میں بدعنوانی کے امکانات کی نشاندہی کرکے ان کی روک تھام کے لیے اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے، جائزے کے لیے 25 وفاقی اداروں کا انتخاب کیا گیا، جن میں سے 10 اداروں کے لیے کارکردگی جانچنے کے اشاریے مرتب کیے گئے ہیں، آڈٹ رپورٹس، تحقیقاتی اداروں کے ڈیٹا اور ریگولیٹری اتھارٹیز کے کردار کو جائزے میں شامل کیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون نے بتایا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ خود احتسابی کے تحت وفاقی اداروں کی کمزوریوں کی نشاندہی کا جامع عمل شروع کیا، رپورٹ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی شیئر کی جائے گی، صوبے بھی اس طریقہ کار سے استفادہ کر سکیں گے، 300سے زائد انڈیکیٹرز کی بنیاد پر اداروں کی کارکردگی، مالیاتی نظام اور انتظامی کمزوریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں معاہدوں پر نظرثانی اور اصلاحات سے 3500 ارب روپے کی بچت متوقع ہے، پی آئی اے کی اوپن آکشن اور مسابقتی بولی کے ذریعے نجکاری کا عمل مکمل کیا گیا، غیر ضروری سرکاری اداروں کا حجم کم کرنے کے لیے رائٹ سائزنگ کا عمل جاری ہے، پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کرکے اس کے ملازمین کے لیے پیکج مرتب کیا گیا۔
نوجوانوں، کاروبار اور کم آمدن طبقے کے لیے اقدامات
انہوں نے مزید بتایا کہ پاسکو کی بندش کا عمل جاری ہے، متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں، نوجوانوں اور چھوٹے و درمیانے کاروباروں کے لیے 3200 ارب روپے کا مالیاتی پیکج متعارف کرایا گیا، وزیراعظم خود نوجوانوں اور ایس ایم ایز کے مالیاتی پیکج پر پیش رفت کی نگرانی کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون نے مزید انکشاف کیا کہ حکومت کی جانب سے متوسط طبقے کو چھت فراہم کرنے کے لیے 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا عمل باقاعدہ شروع کر دیا گیا ہے۔
مجموعی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اب تک 400 سے زیادہ اصلاحاتی اقدامات کیے جا چکے ہیں جب کہ مزید 159 اقدامات آئندہ 5 سالوں میں مکمل کیے جائیں گے۔
معاشی اور ٹیکس اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ ریاستیں قرض اور بیرونی امداد کے بجائے اپنے محصولات سے چلتی ہیں، اس لیے ٹیکس نظام کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔
ٹیکس وصولیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جس کے نتیجے میں 4 سال کے دوران ٹیکس وصولیوں میں 4 ہزار ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جب کہ ملکی ٹیکس وصولیوں کا مجموعی حجم 9400 ارب روپے سے بڑھ کر ساڑھے 13 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسٹمز میں شکایات کے فوری اور شفاف ازالے کے لیے فیس لیس سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، انسانی مداخلت اور صوابدیدی اختیارات کم کرنے کے لیے ایف بی آر کے آڈٹ نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے، ٹیکس ٹربیونلز میں تقرریوں کا عمل میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مکمل کیا گیا، ٹیکس ٹربیونلز میں تقرریوں کے لیے وزیراعظم نے اپنا صوابدیدی اختیار چھوڑ دیا، ٹیکس ٹربیونلز کے لیے چیف جسٹس پاکستان، فیڈرل پبلک سروس کمیشن، آزاد مالیاتی ماہرین کی مشاورت سے تقرریاں کی گئیں، ٹیکس ٹربیونلز کی کارکردگی میں بہتری آئی اور بدعنوانی سے متعلق شکایات میں کمی ہوئی۔
حکومتی امور میں شفافیت لانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر قانون نے بتایا کہ پاکستان ڈیجیٹل نیشن ایکٹ کے تحت ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی گئی ہے، وفاقی حکومت مکمل طور پر پیپر لیس نظام پر منتقل ہو چکی ہے اور تمام سرکاری امور ای آفس کے ذریعے انجام دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے کاغذی کارروائی، انسانی صوابدید اور نقد لین دین کے نظام کو کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ ایف بی آر، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان ریلوے اور این ایچ اے سمیت متعدد اداروں کاجائزہ لیا گیا، سوئی ناردرن اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں مالیاتی معاملات اور انتظامی کمزوریوں کو بھی جائزے میں شامل کیا گیا ہے لہٰذا اداروں میں اختیارات کے غلط استعمال اور مالیاتی بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے سخت چیک اینڈ بیلنس ناگزیر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس دہندگان کی تعداد 37 لاکھ سے بڑھ کر 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں 21 لاکھ سے زائد اسمارٹ میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں، موٹرویز پر ٹول ٹیکس کی وصولی کا نظام مکمل الیکٹرونک کیا جا رہا ہے، پنشن نظام میں شفافیت کے لیے نادرا کے ذریعے تصدیقی عمل شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مستحقین کو ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل والٹس متعارف کرائے گئے، سبسڈی کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کے بجائے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ادائیگی کا نظام متعارف کرایا گیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں فیول سبسڈی اسکیم کے ذریعے ریلیف فراہم کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ گریڈ 17 اور اوپر کے سرکاری ملازمین کے اثاثوں کے گوشوارے ظاہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی اداروں میں مجموعی طور پر تقریباً 400 اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، 146اصلاحاتی اقدامات 2سال میں مکمل کیے جائیں گے اور 159 اصلاحاتی اقدامات پر 5 سال میں عمل درآمد کیا جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ 91اصلاحاتی اقدامات طویل مدتی قانونی اور ادارہ جاتی اصلاحات پر مشتمل ہیں، اصلاحات میں میرٹ پر تقرریاں، ڈیجیٹل نظام کا فروغ اور وفاقی اداروں کے درمیان معلومات کا تبادلہ شامل ہے، سرکاری خریداریوں کے نظام میں شفافیت کے لیے ای پیڈز کے ذریعے نگرانی کا عمل مزید مضبوط بنایا جائے گا، سرکاری اداروں کی ذمہ داریوں کا واضح تعین اور نگرانی کا مؤثر نظام اصلاحاتی پیکج کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اصلاحاتی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جا رہی ہے، اصلاحاتی اقدامات پر عمل درآمد کی پیش رفت وقتاً فوقتاً عوام کے ساتھ شیئر کی جائے گی، حکومت کمزوریوں کی نشان دہی کے لیے خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے۔
غیرضروری اداروں کو بند کیا گیا
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ خود احتسابی اور شفافیت کو مدنظر رکھا، وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر رسک اسیسمنٹ رپورٹ مرتب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے چند ادارے بند کیے گئے، ان اداروں میں بہت زیادہ بدعنوانی تھی، حکومت تمام شعبوں میں شفافیت اور ڈیجیٹائزیشن کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے اور غیر ضروری اداروں کو بند کیا گیا، جو اقدامات ڈھائی سال میں کیے گئے اس سے پہلے ان کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی، پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش شفافیت کی مثال ہے۔
وزیراعظم میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتے ہیں
اس موقع پر وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتے ہیں۔ ایف بی آر میں اصلاحات کا بنیادی مقصد ٹیکس نظام میں شفافیت لانا اور محصولات کی وصولی بہتر بنانا ہے۔ ان کے مطابق چینی، سیمنٹ، تمباکو اور مشروبات کے شعبوں سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا ہے۔