پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے غیر سفارتی اور بے بنیاد الزامات مسترد کردیے


پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے غیر سفارتی اور بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ناقابل قبول ہے، مودی سرکاری انگلیاں اٹھانے کے بجائے اپنا رویہ تبدیل کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے دیے گئے غیر سفارتی اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے، بھارت کے بے بنیاد الزامات کسی توجہ کے مستحق نہیں اور پاکستانی نمائندے نے اسی اجلاس میں بھارتی الزامات کا فوری اور مؤثر جواب دیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کا یہ مخصوص طرزِ عمل محض مسترد کیے جانے کے قابل ہے، یہ بیانات پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابلِ قبول مداخلت اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کےمنافی ہیں۔ پاکستان کے آبی وسائل سے متعلق جائز تحفظات کا جواب دینے کے بجائے بھارت نے پاکستانی اداروں اور قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی معدنی وسائل کی ترقی کے حوالے سے بھارت کی مخالفت بھی واضح ہے۔ بھارت پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ پاکستان متعدد بار شواہد کے ساتھ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد سرگرمیوں کی سرپرستی اور معاونت میں بھارت کے ملوث ہونے کے خدشات اقوام متحدہ کے سامنے اٹھا چکا ہے، ان سرگرمیوں کا مقصد پاکستان میں ترقیاتی عمل کو متاثر کرنا اور مقامی آبادی کو قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد سے محروم رکھنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت میں ہندوتوا نظریے سے متاثر انتہا پسندی اور مذہبی بنیاد پرستی پر مبنی سیاست کسی سے پوشیدہ نہیں، بھارت پاکستان کے خلاف الزامات اور حقائق کو مسخ کرکے عالمی سطح پر اپنی تنہائی اور اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔
سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ ہے
دفتر خارجہ نے سندھ طاس معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 31 اگست 2026 کو معاہدے کے تحت قائم ثالثی عدالت نے متفقہ فیصلے میں قرار دیا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل اور پابند ہے جب کہ اسے یکطرفہ طور پر معطل یا ختم کرنے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔ بھارت کی جانب سے اس فیصلے کو تسلیم نہ کرنا بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کی پاسداری سے متعلق اس کے رویے پر سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔
پاکستان نے بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو جھوٹ پھیلانے کے لیے استعمال کرنے کے بجائے جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے، جہاں بھارتی قابض افواج کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہیں۔
بھارت کو اپنے طرزِ عمل پر نظرثانی کا مشورہ
دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ جو ریاست اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی قراردادوں، پڑوسی ممالک کی خودمختاری اور بین الاقوامی معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کرتی ہو، اسے دوسروں پر انگلی اٹھانے کے بجائے اپنے طرز عمل کا جائزہ لینا چاہیے۔ بھارت میں مسلمانوں، سکھوں، عیسائیوں اور دلت برادری کے خلاف منظم امتیازی سلوک بھی جاری ہے۔
پاکستان نے واضح کیا کہ بھارت کو دوسروں پر الزامات عائد کرنے کے بجائے اپنے رویے میں تبدیلی لانی چاہیے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles