ٹرمپ کی بار بار خواہش کے باوجود کم جونگ اُن نے ملاقات کیوں نہیں کی؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ہفتے اپنے ایشیا کے دورے پر بارہا خواہش کے باوجود شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ سے ملاقات کیے بغیر واپس امریکا پہنچ گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ماہرین نے یہ ملاقات نہ ہونے کی وجہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان اور شمالی کوریا کی بدلتی ہوئی سفارتی ترجیحات کو قرار دیا ہے۔

رواں ہفتے ٹرمپ نے ایشیا کے دورے کے دوران کِم جونگ اُن سے ملاقات کا امکان ظاہر کیا تھا، لیکن شمالی کوریا کے رہنما کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

بعد ازاں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ملاقات کے لیے وقت نہیں تھا۔ ٹرمپ کے مطابق، ’بہت زیادہ ملاقاتیں طے تھیں، اس لیے یہ ممکن نہیں ہو سکا۔ ہماری ملاقات کسی وقت ضرور ہوگی۔‘

اے ایف پی کے مطابق ماہرین نے ٹرمپ کے اس دعوے پر بھی شکوک کا اظہار کیا کہ کم جونگ اُن ان سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔

دوسری جانب ٹرمپ کی ملاقات کی خواہش کا براہ راست جواب دینے کے بجائے شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے رواں ہفتے کم جونگ اُن کی مختلف مقامات پر مصروفیات کو نمایاں کیا۔

کورین میڈیا کے مطابق انہوں نے پہلے ایک اِسکی ریزورٹ اور مقدس پہاڑ ’پیکتو‘ کا دورہ کیا، جبکہ بدھ کو نیوی کی ایک یونیورسٹی پہنچے، جہاں انہوں نے سمندری دفاع کی اہمیت پر زور دیا۔

ماہرین کے مطابق کم جونگ اُن نے ممکنہ طور پر یہ حکمت عملی اختیار کی کہ پیانگ یانگ میں خاموش بیٹھنے کے بجائے ٹرمپ کی پیشکش کو نظر انداز کرنے کے لیے ملک کے اندرونی اور علاقائی معاملات میں اپنی مصروفیات ظاہر کی جائیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے صدارتی دور میں کم جونگ اُن سے تین مرتبہ ملاقات کر چکے ہیں۔

ان ملاقاتوں میں 2019 میں ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں ہونے والی سربراہی ملاقات بھی شامل تھی، جس کا مقصد شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو محدود کرنا تھا، تاہم کوئی معاہدہ طے نہیں پا سکا تھا۔

ہنوئی مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کم جونگ اُن ٹرین کے ذریعے تقریباً 60 گھنٹے کا سفر کرکے خالی ہاتھ واپس شمالی کوریا لوٹے تھے۔

ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد انہوں نے کئی مرتبہ کم جونگ اُن سے دوبارہ ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔

گزشتہ سال دورۂ ایشیا سے قبل بھی امریکی صدر نے پیانگ یانگ سے رابطے کی کوشش کی تھی اور شمالی کوریا کو ’ایک طرح کی جوہری طاقت‘ قرار دیا تھا، تاہم انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔

مارچ میں جنوبی کوریا کے اس وقت کے وزیراعظم کم من سوک نے بتایا تھا کہ ٹرمپ کے خیال میں کم جونگ اُن سے ملاقات ’اچھی‘ رہے گی۔

جنوبی کوریا کی کیونگنام یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ فار فار ایسٹرن اسٹڈیز کے پروفیسر لم اول چُل نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ انہیں اس بات پر شک ہے کہ واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے درمیان پس پردہ کوئی ٹھوس رابطے ہوئے تھے۔

ان کے مطابق ہنوئی سربراہی اجلاس کی ناکامی کے بعد کم جونگ اُن نے ممکنہ طور پر یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اگرچہ ان کے اور ٹرمپ کے درمیان ذاتی طور پر اچھی سمجھ بوجھ ہو سکتی ہے، لیکن امریکی حکومت پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، خواہ اقتدار میں ریپبلکن ہوں یا ڈیموکریٹس۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی اچانک سفارتی ملاقاتوں کی خواہش کے باوجود ممکن ہے کہ واشنگٹن نے شمالی کوریا کے ساتھ سربراہی اجلاس کے لیے باقاعدہ سفارتی ذرائع سے رابطہ نہ کیا ہو۔

ڈونگ گک یونیورسٹی کے پروفیسر ایمیریٹس کو یو ہوان کے مطابق کسی بھی باقاعدہ سربراہی ملاقات سے پہلے خصوصی ایلچیوں کا تبادلہ اور ورکنگ لیول پر مذاکرات ضروری ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کم جونگ اُن کے پاس ایسی ملاقات میں شرکت کی کوئی خاص وجہ نہیں تھی جو ضروری سفارتی تیاریوں کے بغیر صرف ٹرمپ کی سیاسی کامیابی کے لیے ایک تصویر بنوانے کا موقع فراہم کرتی۔

اس کے علاوہ چین اور روس کے ساتھ شمالی کوریا کے بڑھتے ہوئے تعلقات بھی واشنگٹن کے ساتھ فوری مذاکرات کی ضرورت کم کرتے ہیں۔

ماہر کو یو ہوان کے مطابق شمالی کوریا کو یوکرین جنگ میں اس کی شمولیت کے بدلے روس سے اقتصادی اور فوجی معاونت مل رہی ہے، جبکہ چین کے ساتھ بھی اقتصادی تعاون بڑھ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا ہیکنگ اور کرپٹو کرنسی کی چوری سمیت مختلف سرگرمیوں کے ذریعے مالی وسائل حاصل کرتا رہتا ہے۔

شمالی کوریا اسٹڈیز یونیورسٹی کے سابق صدر یانگ مو جن کے مطابق ٹرمپ اب بھی کم جونگ اُن سے ملاقات کے خواہش مند دکھائی دیتے ہیں، جبکہ پیانگ یانگ نے ابھی اس معاملے پر حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتِ حال میں مستقبل میں ملاقات کے امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles