سندھ کے سرکاری اسکول کا بڑا کارنامہ؛ عالمی مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی


حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں واقع سرکاری گرلز اسکول نے بین الاقوامی تنظیم ’ٹی فور ایجوکیشن‘ کے زیرِ اہتمام کمیونٹی تعاون کیٹیگری میں دنیا بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کر دیا ہے۔
بین الاقوامی تنظیم ’ٹی فور ایجوکیشن‘ کے مطابق ’گورنمنٹ گرلز لوئر سیکنڈری اسکول ٹنڈو میر غلام حسین‘ نے ’ورلڈز بیسٹ اسکول پرائزز 2026‘ میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
تنظیم کے مطابق حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں قائم اس سرکاری اسکول نے ایسا تعلیمی ماڈل متعارف کرایا ہے جس کے تحت معاشی مشکلات کے باعث پورا وقت اسکول نہ آنے والی طالبات بھی اپنی تعلیم جاری رکھ سکتی ہیں۔
اسکول ایسے علاقے میں واقع ہے جہاں زیادہ تر آبادی محنت کش طبقے سے تعلق رکھتی ہے اور تعلیم تک رسائی محدود ہے۔ یہاں متعدد خاندان معاشی ضروریات کے باعث بچوں کی تعلیم کے بجائے روزگار کو ترجیح دیتے ہیں، جس کا زیادہ اثر لڑکیوں کی تعلیم پر پڑتا ہے۔
بہت سی طالبات کو کم عمری میں گھریلو ذمہ داریاں سنبھالنا پڑتی ہیں یا خاندان کی آمدنی میں ہاتھ بٹانے کے لیے غیر رسمی شعبوں میں کام کرنا پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں ان کی اسکول میں حاضری متاثر ہوتی ہے اور بعض طالبات تعلیم بھی چھوڑ دیتی ہیں۔

فوٹو: ٹی فار ایجوکیشن

صبح اور شام کی شفٹوں میں تعلیم کا انتظام
اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اسکول نے روایتی تعلیمی نظام کے بجائے طالبات کی ضروریات اور حالات کے مطابق لچک دار نظام متعارف کرایا ہے۔
اس ماڈل کے تحت طالبات کو صبح یا دوپہر کی شفٹ میں اسکول آنے کی سہولت دی گئی ہے۔ جو لڑکیاں دن کے وقت کام کرتی ہیں یا گھریلو ذمہ داریاں نبھاتی ہیں، وہ دوپہر کی شفٹ میں تعلیم حاصل کر سکتی ہیں، جبکہ دیگر طالبات صبح اسکول آتی ہیں۔
اس کے علاوہ طویل غیر حاضری کے باعث پڑھائی میں پیدا ہونے والے خلا کو پُر کرنے کے لیے اضافی تعلیمی مدد فراہم کی جاتی ہے۔
اسکول میں رٹّا لگانے کے روایتی طریقے کے بجائے سرگرمیوں پر مبنی تدریس متعارف کرائی گئی ہے تاکہ طالبات عملی زندگی سے جڑے موضوعات کو سمجھنے کے ساتھ مسئلے حل کرنے کی صلاحیت اور خود اعتمادی بھی پیدا کر سکیں۔
ٹی فار ایجوکیشن کے مطابق اسکول کے اساتذہ، جن کی اکثریت اسی علاقے کی رہائشی ہے، باقاعدگی سے طالبات کے گھروں کا دورہ کر کے والدین کی کونسلنگ کرتے ہیں تاکہ انہیں بچیوں کی تعلیم کی طویل مدتی اہمیت کا احساس دلایا جا سکے۔
اس مسلسل رابطے کے نتیجے میں کم عمری کی شادی اور تعلیم پر محنت مزدوری کو ترجیح دینے جیسے روایتی تصورات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، اور اب 80 فیصد سے زائد والدین چائلڈ لیبر کے بجائے بچیوں کی تعلیم کو ترجیح دے رہے ہیں۔
ان اقدامات کے نتیجے میں محض ایک سال کے اندر اسکول میں داخلوں کی شرح میں 90 فیصد جبکہ حاضری میں 80 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

فوٹو: ٹی فار ایجوکیشن

اعداد و شمار کے مطابق 75 فیصد سے زائد طالبات کی خواندگی اور حساب کتاب (نیومیریسی) کی صلاحیتوں میں گریڈ لیول کے مطابق واضح بہتری آئی ہے۔ مزید برآں اس اسکول کی طالبات نے آئی ایس اے (ISA) اور یونیسکو آئی آئی ٹی ای (UNESCO IITE) کے عالمی مقابلوں میں حصہ لے کر تمغے اور بین الاقوامی اعزازات بھی اپنے نام کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ورلڈز بیسٹ اسکول پرائزز 2026 میں دنیا بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر گورنمنٹ گرلز اسکول ٹنڈو میر غلام حسین کی انتظامیہ، اساتذہ، طالبات اور مقامی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی ہے اور اس کامیابی کو صوبے کے سرکاری تعلیمی نظام کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی فور ایجوکیشن ایک عالمی تعلیمی پلیٹ فارم ہے جو 100 سے زیادہ ممالک کے دو لاکھ سے زائد اساتذہ کو ایک دوسرے سے منسلک کرتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کا مقصد اساتذہ اور اسکولوں کی پیشہ ورانہ ترقی، تجربات کے تبادلے اور عالمی سطح پر تعلیمی روابط کو فروغ دینا ہے۔
ٹی فور ایجوکیشن کی ویب سائٹ کے مطابق اس ادارے کا بنیادی مقصد اساتذہ اور اسکولوں کو بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ نئی نسل کو بہتر مستقبل کے لیے تیار کرنے کے ساتھ معاشرتی مسائل سے نمٹنے میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles