سردیوں میں گیس کی بلاتعطل فراہمی کے لیے حکومت نے منصوبہ تیار کرلیا

پیٹرولیم ڈویژن نے نومبر سے فروری 2027 کے دوران ملک میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے 16 ایل این جی کارگوز خریدنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔

حکومتی منصوبے کے تحت قطر کے ساتھ موجودہ طویل مدتی معاہدوں کے علاوہ عمان، امریکا اور آذربائیجان کی کمپنی ’سوکار‘ کے ساتھ قلیل مدتی انتظامات کے ذریعے طلب اور رسد کا فرق پورا کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سیکرٹری پیٹرولیم حامد یعقوب شیخ اور وزارت پیٹرولیم کے ترجمان ظفر عباس کے ہمراہ بدھ کے روز صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے تیل و گیس کے شعبے میں تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر ترجمان وزارت پیٹرولیم ظفر عباس نے بتایا کہ نومبر کی گیس کی طلب مکمل طور پر پوری کر لی گئی ہے جبکہ دسمبر کے لیے درکار 4 میں سے 3 ایل این جی کارگوز پہلے ہی طے پا چکے ہیں، اور جنوری کے لیے درکار 6 کارگوز میں سے ایک کا انتظام کر لیا گیا ہے جبکہ باقی کارگوز کے حصول کے لیے کام جاری ہے۔

دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے مائع پیٹرولیم گیس یعنی ایل پی جی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی کوششوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس کے تحت ایس ایس جی سی ایل پی جی لمیٹڈ نے 15,000 میٹرک ٹن کا ریکارڈ ایل پی جی کارگو درآمد کیا ہے جو اینگرو ووپیک ٹرمینل لمیٹڈ پر لنگر انداز ہوا۔

بیان کے مطابق یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی کھیپ ہے اور عوام کو سستے نرخوں پر ایل پی جی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے متعارف کرائی گئی نئی پالیسی ہدایات کے تحت پہلی بڑی درآمد ہے۔

حکام کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی قیادت میں حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین کے نظام میں تبدیلی کی ہے تاکہ سرکاری ادارے سپلائی کے حصول میں قائدانہ کردار ادا کر سکیں، کیونکہ اس سے قبل سخت ضوابط کے باعث رسمی شعبے کی کمپنیاں لاگت پوری نہ ہونے کی وجہ سے درآمدات سے پیچھے ہٹ گئی تھیں۔

حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خاص طور پر موسم سرما میں ایل پی جی کی درآمدات کی قیادت کریں اور سپلائی چین کو مضبوط بنائیں، جس سے مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہونے، قیمتوں میں کمی لانے اور بالخصوص سردیوں کے عروج کے دنوں میں پہاڑی و دور دراز علاقوں تک رسد بڑھانے میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles