
پاکستان نے فتح 3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹم سے لیس میزائل طویل فاصلے تک اہداف کو سپرسونک رفتار سے انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 نومبر کو پاک فوج کی جانب سے فتح 3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا، جو پاکستان کی قومی دفاعی صلاحیتوں میں پیشرفت کا ایک اہم سنگ میل ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح 3 میزائل جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹم سے لیس ہے، جو طویل فاصلے پر موجود اہداف کو سپرسونک رفتار سے انتہائی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کی شمولیت سے پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل صلاحیتوں، حملے کی استعداد اور اہداف تک رسائی میں نمایاں اضافہ ہوگا جب کہ ملک کی روایتی دفاعی صلاحیت اور دفاعی استعداد مزید مضبوط ہوگی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا جب کہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر اور سروسز چیفس نے فتح 3 سپرسونک کروز میزائل کے کامیاب تجربے کو سراہا۔
قومی قیادت نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اس اہم پیشرفت کے حصول کے لیے کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر متعلقہ افراد کی محنت، لگن اور عزم کی بھی تعریف کی۔