
امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری کے سندھ کی تقسیم سے متعلق بیان پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اپنا اقتدار قائم رکھنے کے لیے سندھی مہاجر فساد کی بحث چھیڑنا پیپلزپارٹی کا پرانا مائنڈ سیٹ ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ کی تقسیم کے معاملے پر خون بہنے کی بات اور اس سوچ کی مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی کا پرانا مائنڈ سیٹ ہے کہ وہ اقتدار حاصل کرنے یا برقرار رکھنے کے لیے سندھی مہاجر فساد کی بحث کو ہوا دیتی ہے۔
حافظ نعیم نے پیپلزپارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ ایک پرامن صوبہ تھا، یہاں لسانی فسادات کی بنیاد پیپلز پارٹی نے ہی رکھی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کی کرپشن پر سوال اٹھائے جاتے ہیں تو لوگوں کو لڑوانے کی باتیں شروع کر دی جاتی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی بات کو کوئی سنجیدہ لے گا اور نہ ہی سندھی اور مہاجر آپس میں لڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام آپس میں لڑانے کی باتیں کرنے والے عناصر کو مسترد کر دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کی جانب سے حالات خراب کرنے کی کوششوں کو روکنے کے لیے ریاست کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
’جماعت اسلامی نئے انتظامی یونٹس کی حامی ہے‘
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کی جماعت نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتی ہے، تاہم نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے آئینی فریم ورک کو سامنے لایا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے کو سیاسی تصادم کے بجائے آئینی اور جمہوری طریقے سے آگے بڑھایا جانا چاہیے۔
’پیپلز پارٹی حکومتی عہدے کیوں نہیں چھوڑتی؟‘
حافظ نعیم الرحمان نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ 1960 سے اسٹیبلشمنٹ کی بینیفشری رہی ہے اور اب قوم کے ساتھ ’بوڑھا جوان‘ کی تصویر کا کھیل کھیل رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی مخالفت سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے مؤقف پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا میں ناجائز طریقے سے گورنر راج نافذ کیا گیا تو اس پر دستخط تو بلاول بھٹو کے والد نے ہی کیے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی کا گورنر تمام معاملات چلا رہا ہے، ایسے میں بلاول بھٹو کس کو دھوکا دینا چاہتے ہیں؟
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ انہوں نے ماضی میں پی ٹی آئی کی حکومت کیوں گرائی تھی؟
انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کو موجودہ نظام پر اعتراض ہے تو صدر سمیت تمام حکومتی عہدوں سے استعفے کیوں نہیں دے دیتی؟
ان کا کہنا تھا کہ 2024 کے انتخابات سے فائدہ اٹھانے والوں میں پیپلز پارٹی بھی شامل ہے۔ اگر موجودہ حکومت ناجائز ہے تو آصف علی زرداری اسی حکومت کے ووٹوں سے صدر منتخب ہوئے ہیں۔