برطانوی میگزین نے رافیل طیاروں کے حوالے سے بھارتی جھوٹ کا پول کھول دیا

برطانوی ایوی ایشن میگزین ’فلائٹ انٹرنیشنل‘ نے فعال رافیل لڑاکا طیاروں کی تعداد سے متعلق بھارتی فضائیہ کے دعوؤں کا پول کھول دیا ہے۔

برطانوی جریدے ’فلائٹ انٹرنیشنل‘ کی رواں ماہ شائع ہونے والی سالانہ ’ورلڈ ایئر فورسز ڈائریکٹری 2027‘ میں پاکستان اور بھارت سمیت 161 ممالک کے فوجی طیاروں کے بیڑوں کی تفصیلات شامل ہیں۔

بھارت نے 2016 میں فرانس کے ساتھ تقریباً 8.7 ارب ڈالر کے معاہدے کے تحت 36 رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔ یہ تقریباً دو دہائیوں کے دوران بھارتی فضائیہ کی جانب سے جنگی طیاروں کی بڑی خریداری تھی۔

رواں سال جون میں بھارتی فضائیہ نے دستاویزات میں تمام 36 رافیل طیاروں کو فعال قرار دیا تھا۔

یہ مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب نئی دہلی نے مئی 2025 میں آپریشن سندور کے دوران پاکستانی فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے دعوؤں کو مسترد کیا تھا۔

تاہم ’فلائٹ گلوبل‘ کی جاری کردہ تازہ فہرست میں بھارتی فضائیہ کے زیرِ استعمال رافیل طیاروں کی تعداد 32 درج ہے، جس سے بھارتی فضائیہ کی جانب سے جون 2025 میں کیے گئے دعوؤں کے مقابلے میں 4 طیاروں کی کمی ظاہر ہوتی ہے۔

یہ فہرست مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فوجی جھڑپوں کے تقریباً 18 ماہ بعد سامنے آئی ہے۔

مئی 2025 میں چار روزہ جنگ کے بعد پاکستانی فوج نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی میزائل حملوں کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا دعویٰ کیا تھا، جن میں تین فرانسیسی ساختہ رافیل، ایک مِگ 29 اور ایک ایس یو 30 شامل تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ سال ایک پریس بریفنگ میں بھارتی فضائیہ کے پانچ طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کی تھی۔ تاہم بھارت نے اپنے طیارے تباہ ہونے کے دعوؤں کی مسلسل تردید کی تھی۔

بعد ازاں برطانیہ کے جریدے ’کی ایرو‘ نے پاک بھارت جنگ کے دوران 4 رافیل طیاروں کے گرنے کا دعویٰ کیا تھا اور ساتھ ان طیاروں کے نمبرز بھی جاری کیے تھے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کی فضاؤں میں 52 منٹ تک جاری رہنے والی ’ڈاگ فائٹ‘ میں بھارتی فضائیہ کے چار رافیل لڑاکا طیارے تباہ ہوئے تھے، جن کے نمبرز بی ایس 001، بی ایس 021، بی ایس 022 اور بی ایس 027 بتائے گئے تھے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی تصادم کے بعد متعدد بین الاقوامی میڈیا اداروں کی رپورٹس اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات میں بھی بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کیا گیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران بھارت کے 7 طیارے مار گرائے جانے سے متعلق متعدد بیانات دے چکے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان جھڑپوں کے چند روز بعد فرانسیسی انٹیلی جنس کے ایک سینئر عہدیدار نے بھی امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو پاکستان کی جانب سے بھارتی فضائیہ کا ایک رافیل طیارے گرانے کی تصدیق کی تھی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles