عدالت کا بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر قسم کی ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کا حکم


اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے جیل میں پیش آنے والی مشکلات کی شکایات پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کیس سماعت کی۔
عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ پیش ہوئے جبکہ نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹرز جاوید ارشد اور رافع مقصود کے علاوہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک بھی روسٹرم پر موجود تھے۔
سماعت کے آغاز پر عدالت نے تمام متعلقہ فریقوں کو خاموشی اختیار کرنے کی ہدایت کی، جس کے بعد وکلا کی جانب سے بشریٰ بی بی کی صحت اور جیل میں پیش آنے والے مبینہ واقعات سے متعلق نئی متفرق درخواست پیش کی گئی۔

وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی بینائی کا سنگین مسئلہ درپیش ہے اور ان کی سرجری سے متعلق بھی عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے، کیونکہ موجودہ طبی کیفیت کے باعث ان کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دورانِ سماعت وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے سیل کے روم سے چھوٹے سائز کے سات سانپ برآمد ہوئے ہیں، جنہیں جیل کے اہلکاروں نے مارنے کے بعد اس مقام پر سیمنٹ لگا دیا تھا۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تمام خدشات پر مناسب اقدامات کیے جائیں گے اور جیل رولز کے مطابق انہیں طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
عدالت نے حکم دیا کہ بشریٰ بی بی کے سیل کی صفائی ستھرائی کا مکمل خیال رکھا جائے اور ان کی صحت کا معائنہ کرنے کے لیے ایک اسپیشل ڈاکٹر فراہم کیا جائے، تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

عدالت نے مرکزی اپیلوں پر دلائل کا آغاز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پچھلی سماعت پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کی طرف سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ موکلین سے ملاقات کے بغیر مرکزی اپیلوں پر دلائل نہیں دیے جا سکتے، اور عدالت نے اس استدعا کو منظور کرتے ہوئے ملاقات کا جتنا وقت مانگا تھا وہ پورا فراہم کیا۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ وکلا اپنے دیے گئے بیان حلفی کے مطابق اب مرکزی اپیلوں پر باقاعدہ دلائل کا آغاز کریں تاکہ مقدمے کو انجام تک پہنچایا جا سکے، کیونکہ جو امور اس عدالت کے دائرہ اختیار میں ہیں ان پر قانون کے مطابق مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔
چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور وکلا کے درمیان دلچسپ مکالمہ، سماعت کی لائیو نشریات کا مطالبہ
دورانِ سماعت چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور وکلا کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔
چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر کو مرکزی اپیلوں پر دلائل شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کا حکم ہے کہ اپیلوں پر دلائل دیے جائیں، جب کہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات پر انہوں نے کہا کہ وہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور وکلا کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کی صحت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے ان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جیل بیماریوں کا گڑھ ہے اور سرجری کے بعد وہاں رہنے کی صورت میں انہیں انفیکشن کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
وکیل نے کہا کہ اگر بشریٰ بی بی کو ضمانت مل بھی جائے تو وہ عدالت کی تحویل میں ہی رہیں گی۔
اس پر چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کہا کہ بشریٰ بی بی محفوظ ہاتھوں میں ہیں، آپ پریشان نہ ہوں۔
انہوں نے صحت سے متعلق خدشات پر ریمارکس دیے کہ یہ مفروضوں کی باتیں ہیں کہ ایسا ہو گیا تو ویسا ہو جائے گا۔
سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر کو اپیلوں پر دلائل شروع کرنے کی ہدایت پر بھی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
چیف جسٹس نے بار بار پراسیکیوشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپیلوں پر دلائل کا آغاز کریں اور ایف آئی آر پڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے درخواست کر رہا ہوں کہ دلائل شروع کریں، اگر آپ ایسا نہیں کریں گے تو پھر یہ میرا حکم ہوگا۔
چیف جسٹس نے واضح کیا کہ عدالت کا حکم ہے کہ مرکزی اپیلوں پر دلائل شروع کیے جائیں۔
اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مناسب نہیں ہوگا کہ جب وہ عدالت میں موجود ہیں تو پراسیکیوشن دلائل شروع کر دے۔
اس پر چیف جسٹس نے جواب دیا کہ مناسب تو وہ بھی نہیں تھا جو آپ نے کیا۔ سلمان صفدر نے دلائل دینے کی اجازت طلب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے دیا جائے، تاہم چیف جسٹس نے کہا کہ ان کے سینئر وکیل موجود ہیں، انہیں دلائل دینے دیں۔
اس پر سلمان صفدر نے کہا کہ لطیف کھوسہ سے پوچھ لیا جائے کہ انہیں کیا ہدایات ہیں۔
بعد ازاں وکیل نے واضح کیا کہ سلمان صفدر بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر دلائل دیں گے، جس کے بعد انہیں دلائل دینے کی اجازت دے دی گئی اور انہوں نے عمران خان کی اپیل پر بحث شروع کر دی۔
سماعت کے دوران سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی براہ راست نشریات کی استدعا بھی کی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کو 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے اس مقدمے کو معمول کا کیس قرار دیا تھا، تاہم ان کے نزدیک یہ ایک انتہائی متنازع مقدمہ ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کیس کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت نہیں کی گئی۔
سلمان صفدر نے مقدمے کو کمزور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا انجام بھی ماضی میں ختم ہونے والی سزاؤں جیسا ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کے مقدمے میں بھی براہ راست نشریات ہوئی تھیں، جب کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں بھی عدالتی کارروائی براہ راست نشر کرنے کی مثالیں موجود ہیں۔
اسی بنیاد پر انہوں نے استدعا کی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت بھی براہ راست نشر کی جائے۔
وکیل نے کہا کہ وہ اس حوالے سے باقاعدہ درخواست اس لیے نہیں دے رہے کیونکہ عدالت اس معاملے پر ناراضی کا اظہار کرتی ہے۔
اس پر چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ پوری عوام کو خط چلا گیا ہے، ان کے اپنے مسائل ہیں۔
چیف جسٹس نے سابق وزیر اعظم عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ قابل احترام ہیں۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے بھی ریمارکس دیے کہ اگر اپیلوں پر دلائل دیے جائیں تو ممکن ہے کہ ملزمان بری بھی ہو جائیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles