ایران کا کویت میں امریکی میزائل اور ڈرون سسٹمز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں واقع علی السالم ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی پلیٹ فارمز، ڈرون اور میزائل لانچنگ سسٹمز کے ساتھ ساتھ پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹمز کو بھی ڈرون اور میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی بدھ کی صبح کی گئی، جس کی بازگشت کے بعد کویت کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے بھی ڈرون حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کویتی فضائی دفاعی نظام نے میزائل حملوں کو فضا میں روکنے کے لیے کارروائیاں کی ہیں۔

کویت کی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں جو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں وہ دراصل ائیر ڈیفنس سسٹمز کی جانب سے دشمن کے حملوں کو ناکام بنانے اور انہیں فضا میں ہی تباہ کرنے کا نتیجہ ہیں۔

دوسری جانب خطے میں جاری اس محاذ آرائی کے دوران امریکی اور ایرانی افواج کے درمیان خلیجی ممالک میں جوابی کارروائیوں کا سلسلہ بھی تیز ہو گیا ہے۔

امریکا نے منگل کو آبنائے ہرمز کے قریب ایران کے جنوبی جزیرے قشم پر کئی حملے کیے، جو کہ بحرین میں امریکی فضائی اڈے پر ایرانی ڈرون حملے کا ردعمل تھے۔

ایرانی صوبے ہرمزگان کے ڈپٹی گورنر احمد نفیسی نے تصدیق کی کہ قشم جزیرے پر ہونے والے ان امریکی فضائی حملوں کے نتیجے میں کسی بھی رہائشی، تجارتی یا بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچا، اور صورتحال پوری طرح قابو میں ہے۔

خطے میں سمندری تجارت اور توانائی کی سپلائی بھی شدید خطرات کی زد میں ہے، اور ایران کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ منگل کے روز آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے تین تیل بردار ٹینکرز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرائے ہیں۔

اس کے علاوہ سیکورٹی فرم وینگارڈ اور دیگر ذرائع کے مطابق پانامہ کے پرچم والا تیل بردار ٹینکر تارا گیس بھی عمان کے ساحل کے قریب حملے کی زد میں آیا، جس کے نتیجے میں اس کے انجن روم میں آگ لگ گئی اور عملے کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جبکہ ایک اور ٹینکر اون فینکس کو بھی نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب سفارتی محاذ پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور عمانی ہم منصب بدر البوسعیدی نے مسقط میں ملاقات کی ہے جس میں سمندری جہاز رانی کے تحفظ اور سفارتی حل تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

ادھر امریکی بحریہ کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ بھی پیر کے روز مشرق وسطیٰ میں پہنچ چکا ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ روز جمعرات کو چین میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ہونے والی سہ فریقی ملاقات میں شرکت کریں گے جہاں ایران کے ساتھ جاری جنگ بنیادی ایجنڈے میں شامل ہوگی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles