
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور مضبوط امریکی ڈالر اور شرح سود میں اضافے کی توقعات کے باعث سونے کے نرخ تقریباً 2 فیصد گر کر ایک سال سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق، کاروباری سیشن کے دوران اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 1.9 فیصد کی کمی واقع ہوئی اور یہ فی اونس 3,777.83 ڈالر کی سطح پر آگئی، جو کہ ستمبر 2025 کے بعد سے کم ترین سطح ہے۔
اس کے علاوہ دسمبر کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی 2.2 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی اور یہ 3,779.50 ڈالر فی اونس پر بند ہوئے۔
اوآنڈا کے سینئر مارکیٹ تجزیہ کار کیلون وونگ کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں یہ کمی بنیادی طور پر مارکیٹ کے جذبات اور تکنیکی عوامل کی وجہ سے ہوئی ہے، کیونکہ فیڈرل ریزرو کے حکام کی جانب سے سخت مانیٹری پالیسی کے بیانات اور امریکی ٹریژری ییلڈ میں اضافے نے ڈالر کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔
امریکی ڈالر اس وقت 19 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب ٹریڈ کر رہا ہے، جس سے دیگر کرنسیوں کا استعمال کرنے والے خریداروں کے لیے ڈالر میں قیمتوں کا تعین ہونے والا سونا مہنگا ہو گیا ہے۔
نیویارک فیڈرل ریزرو بینک کے صدر جان ولیمز نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ افراط زر کے دباؤ کو قابو میں رکھنے کے لیے امریکی مرکزی بینک کو ممکنہ طور پر شرح سود میں مزید اضافہ کرنا ہوگا، تاہم انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ فیڈ کو جارحانہ اقدامات کی طرف جانے کی ضرورت ہے۔
سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق مارکیٹ میں دسمبر کے دوران 25 بیسس پوائنٹس کی شرح سود میں اضافے کا امکان 96.7 فیصد ظاہر کیا جا رہا ہے۔