
اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 14 میں انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے ایک کارروائی کے دوران حرام گوشت کی فروخت اور فراہمی کا مکروہ دھندا بے نقاب کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اس کارروائی کے دوران موقع سے تقریباً 800 کلوگرام حرام گوشت برآمد کیا گیا ہے، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ پولیس نے اس مکروہ عمل میں ملوث افراد کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس چھاپے کے دوران موقع سے 12 زندہ گدھے، 5 کتے، 17 کچھوے، ایک مردہ گدھا، ایک گیدڑ اور ایک پینگولین بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق برآمد کیے جانے والے زندہ جانوروں کو فوری طور پر وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ ان کی مناسب دیکھ بھال اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے، جبکہ مردہ اور حرام جانوروں کے گوشت کو ضابطے کے تحت تلف کیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے کاروبار کے حوالے سے درج کیے گئے مقدمے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس گوشت اور پکڑے جانے والے جانوروں کی ترسیل یا خرید و فروخت کا کوئی بھی قانونی یا سرکاری ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
ابتدائی تفتیش سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس نیٹ ورک کا مقصد اس حرام گوشت کو مختلف علاقوں میں سپلائی کرنا تھا۔
متعلقہ ادارے اس امر کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں کہ اس نیٹ ورک کے تانے بانے کہاں تک جڑے ہیں اور اس میں کون کون سے عناصر ملوث ہیں۔