
پاکستان کے غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس میں رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران 157 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وزارتِ اقتصادی امور کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2026 تک ملک کو مجموعی طور پر 5 ارب 89 کروڑ ڈالر سے زائد کے قرضے اور گرانٹس موصول ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں پاکستان نے 5 ارب 85 کروڑ 53 لاکھ ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے، جبکہ 3 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کی گرانٹس بھی موصول ہوئیں۔
اس طرح قرضوں اور گرانٹس کی مجموعی مالیت 5 ارب 89 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی۔
وزارتِ اقتصادی امور کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان کو 44 کروڑ 15 لاکھ ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس موصول ہوئے۔
حکام کے مطابق بیرونی ذرائع سے حاصل ہونے والی یہ مالی معاونت ملک کی بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے اور بجٹ کو سہارا دینے کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔ اس سے زرمبادلہ کے ذخائر برقرار رکھنے اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ سے نمٹنے میں بھی مدد مل رہی ہے۔