اپوزیشن رہنمائوں کا نیتن یاہو پر انتخابات پر اثرانداز ہونے کا الزام، تحقیقات کا مطالبہ

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو گزشتہ ماہ ہونے والے انتخابات پر اثرانداز ہونے کے الزامات کے بعد اپوزیشن جماعتوں اور ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے تحقیقات کے مطالبے کا سامنا ہے۔

اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیتن یاہو کے عملے کے ایک رکن نے عرب شہریوں کے خلاف پولیس کو معلومات فراہم کیں، تاہم وزیر اعظم کے دفتر نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

اس تنازع کا آغاز 27 اکتوبر کو انتخابات کے روز جنوبی اسرائیل میں عرب جماعت ’رعام‘ کے تین کارکنوں کی گرفتاری سے ہوا۔ ان افراد پر الزام تھا کہ وہ ووٹ خریدنے کے لیے نقد رقم تقسیم کر رہے تھے۔ نیتن یاہو اور ان کی جماعت لیکوڈ نے ان گرفتاریوں کو انتخابی مہم کے دوران نمایاں کیا اور الزام لگایا کہ رعام انتخابات چرانے کی کوشش کر رہی ہے۔

تاہم عدالتوں نے پولیس کی جانب سے ملزمان کو حراست میں رکھنے کی درخواستیں مسترد کردیں۔ عدالتوں کے مطابق گرفتاریاں درست سرچ یا وارنٹ گرفتاری کے بغیر کی گئی تھیں۔ تینوں افراد کو بعد ازاں رہا کردیا گیا۔

اسرائیلی چینل 12 کے پروگرام ’عوفدا‘ کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اس معاملے کی ابتدا نیتن یاہو کے دفتر سے ہوئی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انتخابات سے ایک روز قبل وزیر اعظم کے چیف آف اسٹاف ایدو نورڈن نے معمول کے سرکاری طریقہ کار کو نظرانداز کرتے ہوئے براہ راست پولیس کمشنر سے رابطہ کیا اور عرب کارکنوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

رپورٹ کے مطابق نورڈن نے پولیس کو ایک دوسرے شخص سے بھی رابطہ کرنے کا کہا، جس کے پاس مبینہ طور پر کارکنوں کے بارے میں معلومات تھیں۔ یہ شخص ماضی میں وزیر اعظم کے دفتر میں ملازم رہ چکا تھا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نورڈن کی شکایت اور سابق ملازم کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے انتخابی روز گرفتاریاں کیں۔

اسرائیل کی مرکزی انتخابی کمیٹی کے سربراہ نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ ووٹروں کو رشوت دینے کے ایسے کسی بڑے پیمانے کے شواہد نہیں ملے جو انتخابی نتائج پر اثرانداز ہوسکتے ہوں۔ کمیٹی کے مطابق الزامات سے متعلق مختلف پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم اب توجہ ایسے سکیورٹی معاملات پر مرکوز ہوگئی ہے جو براہ راست انتخابی عمل اور نتائج کا حصہ نہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کی اٹارنی جنرل نے پیر کی شام کہا کہ وزیر اعظم کے دفتر سے پولیس کو معلومات کی منتقلی کے معاملے پر غور کیا جائے گا اور اس سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

نیتن یاہو کے دفتر نے چینل 12 کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹا اور ہتک آمیز قرار دیا، تاہم اس بات کی تصدیق کی کہ چیف آف اسٹاف نورڈن نے پولیس کو معلومات فراہم کی تھیں۔ دفتر کے بیان کے مطابق نورڈن کو انتخابات کی صبح اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص کے پاس ہزاروں شیکل نقد رقم اور رعام جماعت کے انتخابی پرچے موجود ہیں، جس پر انہوں نے ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے پولیس کو اطلاع دی۔

اسرائیلی پولیس نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں فیصلے کرنے کے طریقہ کار، معلومات کی ترسیل اور متعلقہ پولیس یونٹس کے درمیان رابطوں کا جائزہ لے گی۔ پولیس کے مطابق انتخابی روز کی کارروائی سمیت تمام اقدامات انتخابات کی شفافیت اور عوام کے اعتماد کے تحفظ کے لیے کیے گئے تھے۔ تاہم اٹارنی جنرل نے تحقیقات کے مناسب طریقہ کار کا فیصلہ ہونے تک پولیس کو اپنا جائزہ روکنے کی ہدایت کی ہے۔

اسرائیل کی مرکزی اپوزیشن جماعت کے رہنما گادی آئزن کوٹ نے فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو اور ان کے قریبی حلقے کا طرز عمل اسرائیلی جمہوریت کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک نیتن یاہو اقتدار میں ہیں، اسرائیل میں منصفانہ انتخابات ممکن نہیں ہوں گے۔

عرب جماعتوں نے بھی معاملے کی فوری فوجداری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ رعام جماعت نے اپنے بیان میں کہا کہ انتخابات کی صبح نیگیو کے علاقے میں اس کے کارکنوں کی گرفتاریاں اور عرب ارکان پارلیمنٹ کو خاموش کرانے کی کوشش، اگر ثابت ہوگئی، تو یہ انتخابی عمل اور ووٹروں کی رائے پر براہ راست حملہ ہوگا۔

جوائنٹ لسٹ نامی عرب اتحاد نے آزاد تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے اور معاملے میں ملوث پولیس اور شن بیت کے اہلکاروں کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جماعت نے الزام لگایا کہ نیتن یاہو نے ان کے ووٹ چرانے کی کوشش کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کے ووٹ ہی نیتن یاہو کے اقتدار کے خاتمے کا سبب بنیں گے۔

رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر کے انتخابات میں پارلیمانی اکثریت کھونے کے بعد نیتن یاہو اور ان کے اتحادی عرب جماعتوں پر رشوت، غیر ملکی فنڈنگ اور دھاندلی سمیت مختلف الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔ اسرائیلی داخلی خفیہ ادارے شن بیت کے سربراہ ڈیوڈ زینی نے بھی عرب سیاست دانوں کے خلاف غیر ملکی مداخلت کے الزامات کی تحقیقات پر زور دیا تھا، تاہم ان الزامات کے حق میں اب تک کوئی عوامی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق زینی نے انتخابات سے قبل پانچ عرب ارکان پارلیمنٹ کی فون کالز ریکارڈ کرنے کی اجازت بھی طلب کی تھی، تاہم اٹارنی جنرل نے شواہد نہ ہونے کی بنیاد پر آخری وقت میں یہ درخواست مسترد کردی تھی۔ شن بیت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ادارے نے قانون کے تحت اپنے اختیارات کے مطابق مختلف کارروائیاں کی ہیں۔

ادھر یسرائیل بیتینو جماعت کے رہنما اور پارلیمانی خارجہ امور و دفاع کمیٹی کے قائم مقام سربراہ اویگدور لائبرمین نے کہا ہے کہ وہ انتخابات میں مبینہ غیر ملکی مداخلت کے معاملے پر شن بیت اور پولیس کے سربراہان کو طلب کرکے وضاحت لیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles