
خیبر پختونخوا پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے 3 سینئر رہنماؤں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو پشاور ہائیکورٹ کے باہر سے تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا ہے۔
یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب منگل کو انسداد دہشت گردی عدالت نے ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تینوں رہنماؤں کی ضمانتیں خارج کر دی تھیں۔
ضمانت خارج ہونے کے فوری بعد پولیس نے کامران بنگش اور عرفان سلیم کو احاطہ عدالت سے حراست میں لینے کی کوشش کی تھی، تاہم اس دوران وکلا نے انہیں پولیس کی حراست سے چھڑوا لیا تھا اور فوری طور پر پشاور ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے دوران سماعت استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار ملزمان عدالت میں موجود ہیں، جس پر وکلا نے تصدیق کی کہ تینوں رہنما کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد کیا گیا ہے جبکہ اس کیس میں وہ پہلے نامزد نہیں تھے بلکہ 28 فروری 2026 کو انہیں اس مقدمے کا حصہ بنایا گیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تینوں رہنماؤں کی تئیس نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے بیس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا، تاہم اس قانونی کارروائی کے باوجود پولیس نے احاطہ عدالت سے باہر نکلتے ہی انہیں تھری ایم پی او کے تحت دوبارہ حراست میں لے لیا۔