
امریکی عدالت میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی مبینہ سازش کے مقدمے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے اہلکار وکاس یادیو پر قتل کی منصوبہ بندی کے علاوہ منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔
بھارتی میڈیا ادارے ’دی وائر‘ کی رپورٹ کے مطابق عدالت میں پیش کی گئی تفصیلات میں اسمگلنگ کے ایک بڑے منصوبے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وکاس یادیو نے مبینہ طور پر منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ کی پیشکش کی تھی۔ اس مقصد کے لیے امپھال ایئرپورٹ سے منشیات لے جانے والے طیارے کو کلیئرنس دلانے اور اے کے 56 رائفلیں فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیویارک کی عدالت نے 2024 میں وکاس یادیو کو اشتہاری قرار دیا تھا۔ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے وارنٹ جاری ہونے کے بعد سے وہ بھارت میں روپوش ہیں۔
امریکی استغاثہ نے عدالت کو بتایا ہے کہ بھارتی حکومت نے جان بوجھ کر وکاس یادیو کے اصل مقام کو امریکی عدالت سے چھپایا۔
مقدمے کے دوسرے ملزم نکھل گپتا کے حوالے سے استغاثہ نے عدالت سے 24 سال سے زائد قید کی سزا دینے کی استدعا کی ہے۔ عدالت 20 نومبر کو اس معاملے میں فیصلہ سنائے گی۔
عدالت میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق امریکی شہری گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی مبینہ سازش سیاسی نظریات کی بنیاد پر تیار کی گئی تھی۔ استغاثہ کا الزام ہے کہ وکاس یادیو نے ہی نکھل گپتا کو پنوں کے قتل کا ٹاسک دیا تھا۔
تفتیش کے مطابق پنوں کے قتل کے بعد اسلحے اور منشیات کی ایک بڑی ڈیل مکمل کی جانی تھی، جس کے تحت چارٹرڈ طیارے کے ذریعے 2 ہزار کلوگرام منشیات اور ہتھیار منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد ملزمان کو ان کی لاش کی ویڈیو بھی بھیجی گئی تھی۔
امریکی استغاثہ کے مطابق ہردیپ سنگھ نجر بھی مبینہ طور پر ملزمان کے اہداف میں شامل تھا، جبکہ دیگر کئی افراد کو بھی نشانہ بنانے کی ہدایات دی گئی تھیں۔
سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قتل کی سازش سامنے آنے کے بعد ان کی زندگی شدید خطرات اور پابندیوں کا شکار ہوگئی ہے۔
دریں اثنا، رپورٹ کے مطابق امریکی عدالت نے بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کو بھی سمن بھیجنے کی باضابطہ اجازت دے دی ہے۔
اس پیش رفت کے بعد مقدمے میں بھارت کے اعلیٰ حکام کے کردار سے متعلق سوالات بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔