
ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے مختلف بچت اسکیموں پر منافع کی نئی شرحوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت بعض اسکیموں پر منافع کی شرح میں ردوبدل جبکہ چند اہم اکاؤنٹس پر پرانی شرحیں برقرار رکھی گئی ہیں۔
قومی بچت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس کے پہلے 5 منافعوں کی شرح کم کر کے 11.8 فیصد کر دی گئی ہے، تاہم ان کا چھٹا منافع 12.8 فیصد کی شرح پر برقرار رکھا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ریگولر انکم سرٹیفکیٹ کا منافع 12.12 فیصد پر برقرار ہے۔ اسی طرح بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس، پنشنرز اور شہدا فیملی اکاؤنٹس کا منافع بھی 12.96 فیصد کی سابقہ شرح پر برقرار رکھا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع کی شرح میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وہ بدستور برقرار ہیں۔
دوسری جانب شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 3 ماہ کے شارٹ ٹرم سرٹیفکیٹس کی شرح 11.56 فیصد، 6 ماہ کے شارٹ ٹرم سرٹیفکیٹس کی شرح 11.90 فیصد اور ایک سال کے شارٹ ٹرم سرٹیفکیٹس کی شرح بڑھ کر 12.14 فیصد ہو گئی ہے۔
اسی طرح عام سیونگ اکاؤنٹ کی منافع کی شرح 10.50 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
اسلامی طرزِ بینکاری پر مبنی اسکیموں کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ نے بتایا ہے کہ سروا اسلامی ٹرم اکاؤنٹ کے ایک سالہ پلان کی شرح 12.04 فیصد اور سروا اسلامی ٹرم سرٹیفکیٹ کے 3 سالہ پلان کی شرح 11.98 فیصد کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سروا اسلامی ٹرم سرٹیفکیٹ کا 5 سالہ پلان 12.12 فیصد پر برقرار ہے جبکہ سروا اسلامی سیونگ اکاؤنٹ کی متوقع شرح منافع 12.04 فیصد ہو گئی ہے۔