ٹرمپ کے قتل کی سازش، پاکستانی شہری کو امریکا میں 27 سال سے زائد قید کی سزا

امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر اعلیٰ حکام کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری کو 330 ماہ یعنی تقریباً ساڑھے 27 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

نیویارک کے وفاقی جج ایرک راس کومیٹی کے فیصلے کے مطابق مجرم کو دہشت گردی کی کوشش اور اجرت پر قتل کی سازش کا مرتکب پایا گیا ہے۔

استغاثہ کے مطابق آصف مرچنٹ نامی اس پاکستانی شہری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سابق صدر جو بائیڈن اور اقوام متحدہ میں سابق امریکی سفیر نِکی ہیلی کو قتل کرنے کے لیے ہٹ مین کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم جن افراد سے رابطہ کیا گیا وہ دراصل وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے خفیہ ایجنٹ تھے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق عدالتی کارروائی کے دوران مجرم نے اعتراف کیا تھا کہ وہ ایرانی پاسداران انقلاب کی ہدایت پر کام کر رہا تھا تاکہ سن 2020 میں عراق میں امریکی فضائی حملے کے دوران ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لیا جا سکے۔

امریکی حکام کے مطابق اس قاتلانہ سازش کا بنیادی ہدف ڈونلڈ ٹرمپ تھے کیونکہ وہی اُس وقت صدر تھے جب قاسم سلیمانی کو نشانہ بنایا گیا۔

استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ آصف مرچنٹ نے مذہبی دوروں کی آڑ میں متعدد بار ایران کا سفر کیا جہاں ایرانی انٹیلی جنس افسران نے اسے تربیت دی، اور بعد ازاں اپریل 2024 میں وہ اس سازش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے امریکا پہنچا۔

گرفتاری سے قبل اس نے خفیہ ایجنٹوں کو ابتدائی ادائیگی کے طور پر 5 ہزار ڈالر بھی دیے تھے، اور جولائی 2024 میں امریکا سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران اسے ریاست ٹیکساس سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

عدالت میں صفائی پیش کرتے ہوئے مجرم کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ وہ اپنے ایرانی رشتہ داروں کی سلامتی کے دباؤ کے تحت اس سازش میں شامل ہوا تھا کیونکہ اسے دھمکیاں دی گئی تھیں۔

اس کے علاوہ آصف مرچنٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کا مقصد کسی کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ گرفتاری کے بعد امریکی حکومت سے تعاون کرنا تھا۔

تاہم اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچ نے اس فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا میں غیر ملکی دہشت گردانہ سازشوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس مکروہ عمل میں ملوث افراد کو کٹہرے میں لایا جاتا رہے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles