
حالیہ دنوں میں دنیا بھر کے بڑے ٹیکنالوجی اور سرکاری سسٹمز میں بار بار پیدا ہونے والی خرابیوں نے فضائی سفر میں تاخیر، بینکنگ سروسز کی بندش اور مواصلاتی تعطل جیسے سنگین مسائل کو جنم دیا ہے۔ ایسی میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے عام صارفین خود کو کیسے محفوظ رکھ سکتے ہیں؟
منگل کے روز امریکی قومی سلامتی ایجنسی (این ایس اے) کے اندرونی نیٹ ورک اور ایپل کی بعض سروسز میں عارضی تعطل کے بعد سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ یہ تمام واقعات براہ راست سائبر حملوں کا نتیجہ نہیں ہیں، لیکن جدید ڈیجیٹل نظاموں کے باہمی انحصار اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال نے صارفین اور اداروں کے لیے نئے خطرات پیدا کر دیے ہیں۔
حالیہ واقعات کی اس لہر میں متعدد بڑے ادارے متاثر ہوئے ہیں، جن میں مائیکروسافٹ کی سروسز میں تعطل، امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے راؤٹر کی خرابی کے باعث پروازوں کی بندش، جے پی مورگن چیس بینک کے سسٹمز میں رکاوٹ، 6.3 ارب ڈالر کی کرپٹو کرنسی چوری اور یورپ میں فوڈ کولنگ سسٹمز پر مبینہ سائبر حملے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پروگرامنگ لینگویج ’پی ایچ پی‘ میں سامنے آنے والی تکنیکی کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے مختلف حکومتوں نے اپنی ویب سائٹس کو عارضی طور پر آف لائن بھی کیا۔
منیلا میں آسیان معاشی کانفرنس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان خرابیوں کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں اور صورتحال ٹھیک ہے، تاہم ماہرین نے اس رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایف بی آئی کی سابق سینئر سائبر عہدیدار اور سائبر سیکیورٹی فرم ہیلسین کی سینئر نائب صدر سنتھیا کائزر کے مطابق ایک معمولی تکنیکی خرابی یا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ پورے ڈیجیٹل ڈھانچے کو متاثر کر سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت پرانے سافٹ ویئرز کی کمزوریوں کو تیزی سے بے نقاب کر رہی ہے، جس کے باعث اداروں کو ہیکرز سے پہلے انہیں ٹھیک کرنے کی دوڑ میں مصروف رہنا پڑتا ہے اور اس عمل میں سروسز کا تعطل پیدا ہوتا ہے۔
سرے سینٹر فار سائبر سیکیورٹی کے لیکچرر ڈاکٹر ڈینیئل گارڈھم کا بھی ماننا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں کمزوریاں تلاش کرنا آسان ہو گیا ہے، لیکن ہزاروں سسٹمز کو بیک وقت اپ ڈیٹ کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
سائبر ماہرین نے عام صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان تکنیکی بحرانوں کے دوران دھوکہ دہی اور سائبر جرائم سے بچنے کے لیے فوری حفاظتی اقدامات اپنائیں۔
ڈیجیٹل سیکیورٹی فرم سینسس کی پرنسپل ریسرچر ایملی آسٹن اور ٹریل آف بٹس کے سربراہ ڈین گائیڈو کے مطابق صارفین کو ہر ویب سائٹ کے لیے الگ اور مضبوط پاس ورڈ رکھنا چاہیے، ملٹی فیکٹر تصدیق یعنی دوہری سیکیورٹی کو فعال کرنا چاہیے اور اپنے فون، کمپیوٹر اور گھر کے انٹرنیٹ راؤٹر میں آٹو میٹک اپ ڈیٹس آن رکھنی چاہئیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گھر میں موجود انٹرنیٹ سے منسلک دیگر آلات کے سافٹ ویئر کو بھی اپ ڈیٹ رکھنا ضروری ہے، تاہم اسپتالوں یا بڑی ویب سائٹس کی سیکیورٹی کی اصل ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔
انٹرنیٹ پر ہونے والی مالیاتی دھوکہ دہی سے خبردار کرتے ہوئے سائبر کائنیٹکس کمپنی آرکس کے چیف ایگزیکٹو نک ایڈمز نے کہا ہے کہ جب بھی کسی بڑی خرابی کی خبر آتی ہے تو جعل ساز صارفین کو اکاؤنٹ محفوظ بنانے کے جعلی پیغامات بھیج کر لوٹنے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے صارفین کسی بھی لنک پر کلک کرنے کے بجائے براہ راست متعلقہ کمپنی کی ایپ یا ویب سائٹ پر جا کر ہدایات دیکھیں۔
دوسری جانب امریکن بینکرز ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو نائب صدر پال بینڈا نے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ بینکوں کا سیکیورٹی نظام انتہائی مضبوط ہے اور صارفین کی رقوم محفوظ ہیں، تاہم عام آن لائن شاپنگ ویب سائٹس پر خریداری کرتے وقت پاس ورڈز دہرانے سے گریز کیا جائے اور جہاں ممکن ہو پاس کیز یعنی جدید ڈیجیٹل سیکیورٹی چابیوں کا استعمال کیا جائے۔