
یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ اور شمالی صوبے صعدہ میں سعودی اتحادی فورسز کے فضائی حملوں میں 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حوثی گروپ کے زیرانتظام ٹیلی ویژن چینل نے حملے اور فیکٹری میں لگنے والی آگ کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔ حوثی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فضائی کارروائیوں میں الحدیدہ میں 7 جبکہ صعدہ میں 4 افراد ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب حوثیوں کے عسکری میڈیا نے ایک الگ ویڈیو جاری کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حوثی جنگجوؤں نے سعودی حمایت یافتہ فورسز کے خلاف پیش قدمی کے دوران آبنائے باب المندب کے قریب متعدد بکتر بند گاڑیاں اور فوجی سازوسامان تباہ کردیا۔
یمن میں تازہ جھڑپوں اور بدلتی ہوئی صورت حال کے دوران سعودی عرب نے حوثیوں کے خلاف سرگرم فوجی اتحاد کے کمانڈر کو بھی تبدیل کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ حالیہ لڑائی میں سعودی حمایت یافتہ یمنی فورسز کی مختلف علاقوں سے پسپائی کے بعد کیا گیا۔
خطے کے مبصرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے اثرات یمن کے محاذ پر بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی میں حوثی گروپ نے کئی علاقوں میں پیش قدمی کی ہے، جبکہ مختلف محاذوں پر جھڑپوں میں بھی شدت آگئی ہے۔