بھارت کو عالمی اسٹیج پر پھر شرمندگی، مودی کا فلور مارکر جیب میں رکھنے کا کلپ وائرل

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں عالمی رہنماؤں کے ساتھ گروپ تصویر بنوانے سے پہلے قالین پر لگا فلور مارکر اٹھا کر اپنی جیب میں رکھتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ واقعہ منگل کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان سربراہی اجلاس کے موقع پر کواڈ رہنماؤں کی ملاقات سے پہلے پیش آیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز اور جاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائچی بھی گروپ تصویر کے لیے اپنی مقررہ جگہوں پر موجود تھے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نریندر مودی اپنی جگہ پر پہنچتے ہیں تو نیچے جھک کر قالین پر لگا سفید فلور مارکر اٹھاتے ہیں اور اسے اپنی واسکٹ کی جیب میں ڈال لیتے ہیں۔ اس فلور مارکر پر بھارتی قومی پرچم بنا ہوا تھا اور اسے تصویر کے دوران ان کی کھڑے ہونے کی جگہ کی نشاندہی کے لیے رکھا گیا تھا۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق، مودی نے فلور مارکر اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ قومی پرچم کو فرش پر نہیں چھوڑ سکتے۔ اس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مختصر ردعمل دیتے ہوئے کہا، ’اسے سنبھال کر رکھیں۔‘

ویڈیو سامنے آنے کے بعد بھارتی نیشنل کانگریس کی ایک خاتون رہنما نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اسے شیئر کرتے ہوئے نریندر مودی پر تنقید کی۔

کانگریس رہنما نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عالمی سطح پر بھارت کو مودی سے زیادہ کوئی اور کیسے شرمندہ کر سکتا ہے، جنہوں نے باقاعدہ ایک فلور مارکر اٹھا کر اپنی جیب میں ڈال لیا، یہ ناقابلِ یقین ہے۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ نریندر مودی نے کسی بین الاقوامی تقریب میں فرش پر رکھا ایسا نشان اٹھایا ہو۔ 2023 میں جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں برکس سربراہی اجلاس کے دوران بھی انہوں نے اسٹیج پر رکھا بھارتی پرچم کا فلور مارکر اٹھا لیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles