سائبیریا میں روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ، عملے سمیت تمام 19 افراد ہلاک

روس کے علاقے سائبیریا کے کیمیروو خطے میں ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں عملے کے ارکان سمیت سوار تمام 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

روسی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ ایک معمول کی پرواز کے دوران پیش آیا اور طیارہ ایک غیر آباد علاقے میں جا گرا۔

حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر روانہ کر دی گئیں۔

روسی وزارتِ دفاع کے بیان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ’اے این 12‘ ملٹری کارگو تھا۔

اے این 12 سوویت دور کا تیار کردہ چار انجنوں والا ٹربو پروپ ٹرانسپورٹ طیارہ ہے جو 1950 کی دہائی کے آخر سے زیرِ استعمال ہے۔

اس طرز کے ایک ہزار سے زائد طیارے بنائے گئے تھے، جن میں سے بعض اب بھی روس اور دیگر ممالک میں استعمال ہو رہے ہیں۔

روسی خبر رساں ادارے ’تاس‘ کے مطابق حادثے کی ابتدائی وجہ کسی تکنیکی خرابی کو قرار دیا گیا ہے، تاہم حتمی وجوہات جاننے کے لیے روسی ایرو اسپیس فورسز کا ایک کمیشن حادثے کی جگہ پر تفصیلی تحقیقات کر رہا ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا جا سکے۔

واقعے کے فوری بعد کیمیروو کے گورنر الیا سیریدیوک نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں علاقے میں ایک فضائی حادثے کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ ٹرانزٹ پر موجود ایک طیارہ مبینہ طور پر گر کر تباہ ہوا ہے۔

گورنر کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو فوٹیج میں جائے وقوعہ پر اندھیرے میں ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو دیکھا جا سکتا ہے جو ہنگامی امدادی کارروائیوں میں مصروف تھیں۔

روسی حکام کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے ملبے سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ تکنیکی خرابی کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles