
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری فوجی تصادم کو طویل جنگ میں تبدیل نہیں کرنا چاہتے اور امریکا اس تنازع میں دو سال تو کیا، اس سے کہیں کم عرصے کے لیے بھی نہیں الجھے گا۔
فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری تنازع کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ اس معاملے میں امریکی عوام کے لیے مثبت اور بہتر نتائج حاصل کیے جائیں۔
جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ ایران کے معاملے پر ان کے اور صدر ٹرمپ کے مؤقف میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ان کے مطابق امریکی انتظامیہ کی بنیادی ترجیح اس تنازع کو طویل المدتی جنگ میں تبدیل ہونے سے روکنا ہے۔
امریکی نائب صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک غیر معمولی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جن میں ایران کے جوہری پروگرام اور روایتی فوجی طاقت کو تباہ کرنا بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں بعض حلقے ایسے ہیں جو بظاہر چاہتے ہیں کہ یہ جنگ مسلسل جاری رہے اور کبھی ختم نہ ہو، تاہم صدر ٹرمپ کے پاس متعدد آپشنز موجود ہیں اور وہ جب چاہیں فوجی کارروائیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
جے ڈی وینس کے مطابق صدر ٹرمپ کے پاس ایران پر مزید فوجی اور سفارتی دباؤ بڑھانے کے اختیارات بھی موجود ہیں اور وہ فی الحال ان امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ حتمی طور پر جو بھی فیصلہ کریں گے، اس کے باوجود ایسے افراد موجود ہوں گے جو مزید فوجی کارروائیوں کا مطالبہ کریں گے۔
امریکی نائب صدر نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے ساتھ جاری فوجی تصادم کو طویل جنگ کی شکل اختیار نہیں کرنے دے گی اور صدر ٹرمپ کی کوشش ہوگی کہ اس تنازع کو جلد ختم کرکے امریکی مفادات کے مطابق نتائج حاصل کیے جائیں۔