پاکستان اور ایران کا قریبی تعاون علاقائی امن کے لیے ضروری ہے: فیلڈ مارشل


ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے راولپنڈی میں آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس ملاقات کے دوران دونوں برادر ملکوں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال اور بدلتے ہوئے جیو پولیٹیکل حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں فریقین نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر بھی غور کیا۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل رابطے، باہمی اعتماد اور قریبی آہنگ کو انتہائی اہم قرار دیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی موجودہ سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر قریبی تعاون دونوں ممالک کے مفاد اور علاقائی امن کے لیے ضروری ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی بھرپور تحسین کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ملک کی شدید خواہش کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے کے امن اور باہمی تعلقات کی بہتری کے لیے ایسے اعلیٰ سطح کے رابطے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles