
امریکی شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے مظاہرین کے خلاف ضرورت سے زیادہ طاقت استعمال کرنے کے الزامات کا سامنا کرنے والے پولیس یونٹ کو ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کی جگہ شہریوں کی قیادت میں کام کرنے والا نیا شعبہ قائم کیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ظہران ممدانی نے پیر کو پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس کے اسٹریٹجک رسپانس گروپ (ایس آر جی) کو ختم کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کی جگہ بڑے عوامی اجتماعات اور مظاہروں سے نمٹنے کے لیے نیا نظام متعارف کرایا جائے گا۔
ممدانی کے مطابق نئے قائم ہونے والے شعبے کا نام کمیونٹی ڈائیلاگ اینڈ ڈی ایسکلیشن ڈویژن ہوگا، جس میں شامل اہلکار غیر مسلح ہوں گے اور انہیں کسی کو گرفتار کرنے کا اختیار بھی حاصل نہیں ہوگا۔ اس شعبے کا مقصد مظاہرین کے ساتھ بات چیت کے ذریعے کشیدگی کم کرنا اور حالات کو پُرامن رکھنا ہوگا۔
میئر نے کہا کہ نیویارک کے شہری جب اپنے آئینی حق کے تحت احتجاج کرتے ہیں تو ان کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہونا چاہیے جیسا کسی دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اسٹریٹجک رسپانس گروپ تقریباً 10 سال قبل قائم کیا گیا تھا۔ یہ یونٹ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ بڑے مظاہروں کو کنٹرول کرنے کی ذمہ داری بھی انجام دیتا تھا۔ تاہم اس پر مظاہرین، صحافیوں اور قانونی مبصرین کے خلاف ضرورت سے زیادہ طاقت استعمال کرنے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔
2020 میں پولیس تشدد کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران اس یونٹ کے اہلکاروں پر مرچوں کا اسپرے کرنے، مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنانے اور بڑی تعداد میں گرفتاریاں کرنے کے الزامات سامنے آئے تھے۔
ان واقعات کے بعد نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز اور نیویارک سول لبرٹیز یونین سمیت دیگر تنظیموں نے پولیس کے خلاف قانونی کارروائی کی تھی۔
2023 میں اس معاملے پر ہونے والے قانونی معاہدے کے تحت بھی پولیس یونٹ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ممدانی کے اعلان پر شہری حقوق کی تنظیموں نے محتاط انداز میں خیرمقدم کیا ہے، تاہم انہیں خدشہ ہے کہ پولیس کا نیا پیٹرول سپورٹ ڈویژن کہیں پرانے یونٹ ہی کی نئی شکل نہ بن جائے۔
شہر کے سب سے بڑے سرکاری وکیلوں کے ادارے لیگل ایڈ سوسائٹی نے ایس آر جی کو پولیس کے بدنام ترین یونٹس میں سے ایک قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے کے فیصلے کو سراہا، تاہم ادارے کا کہنا تھا کہ نئے یونٹ کی سخت نگرانی ضروری ہوگی تاکہ پرانے یونٹ کے طریقہ کار کو دوبارہ نہ اپنایا جائے۔
نیویارک سول لبرٹیز یونین نے بھی کہا ہے کہ وہ نئے یونٹ کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے گی اور اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا پولیس 2023 کے قانونی معاہدے کی شرائط پر عمل کر رہی ہے یا نہیں۔