
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آئین میں نئے صوبے بنانے کا طریقہ کار واضح طور پر موجود ہے، یہ فیصلہ ریفرنڈم یا ٹاس کے ذریعے نہیں بلکہ اسمبلیوں کے ذریعے ہوگا۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین میں نئے صوبے بنانے کا طریقہ کار موجود ہے اور اس حوالے سے فیصلہ اسمبلیوں نے کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک وفاقی وزیر نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانے کی بات کی ہے، لیکن آئین میں اس کا طریقہ کار واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی 100 ریفرنڈم بھی کروانا چاہتا ہے تو کروا لے، لیکن سوال یہ ہے کہ آئین میں ریفرنڈم کی اہمیت اور حیثیت کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ اگر صوبوں کے فیصلے ٹاس یا ریفرنڈم سے ہونے لگے تو کل کوئی قرعہ اندازی کا مطالبہ بھی کر سکتا ہے۔ صوبوں کے معاملے پر سڑکوں پر تماشے لگانے کے بجائے آئینی طریقہ کار اختیار کرنا چاہیے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور سندھ اسمبلی اپنا مؤقف دے چکی ہیں، تاہم وزیر اعظم کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملات سڑکوں پر نہیں آئین و قانون کے مطابق حل ہوں گے اور جو کوئی بھی ریلی یا جلسہ کرنا چاہتا ہے تو اسے حکومت سے اجازت لینا ہوگی۔
ایم کیو ایم پر تنقید
شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کے دوران ایم کیو ایم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم دوبارہ اپنے بانی کے خوف کے فلسفے کو قائم کرنا چاہتی ہے۔
شرجیل میمن نے مصطفیٰ کمال پر الزام عائد کیا کہ ماضی میں جب ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی تو ان جیسے لوگ اس کا دفاع کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال 12 مئی کے سانحے کا بھی ٹی وی پر بیٹھ کر بیٹھ کر صفائیاں پیش کرتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے اپنے دور میں بانی پی ٹی آئی کے کراچی میں داخلے پر پابندی بھی لگائی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ اگر ایم کیو ایم نے پُرامن سیاست کرنی ہے تو اسے ایسا کرنے کا حق ہے، پیپلز پارٹی نہ ان کے بانی سے ڈری تھی اور نہ ہی اُن سے ڈرے گی۔
نئے صوبوں کے قیام پر بحث میں تیزی
شرجیل میمن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور اس مقصد کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تجاویز پر سیاسی بحث جاری ہے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر صحت اور ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے بھی نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پیش کی تھی۔ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دسمبر کو ریفرنڈم کے حوالے سے اہم مہینہ قرار دیا تھا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرنے والی طاقتیں اس معاملے پر تمام متعلقہ فریقوں سے بات کر چکی ہیں اور اگر سیاسی جماعتیں آئینی ترمیم پر رضامند نہ ہوئیں تو ریفرنڈم کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’دسمبر بہت اہم مہینہ ہے اور ممکن ہے کہ یہی مہینہ ریفرنڈم کا ہو۔‘
مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا تھا کہ پیپلز پارٹی بھی نئے صوبوں کے معاملے پر اپنا مؤقف تبدیل کرے گی۔ انہوں نے تحریک انصاف پر بھی زور دیا تھا کہ اسے اس معاملے پر غیر مشروط طور پر آگے بڑھنا چاہیے۔
وفاقی وزرا کے بیانات
نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ سمیت دیگر وزرا بھی اس اقدام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ریفرنڈم کی حمایت کر چکے ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ نئے انتظامی یونٹس کے منصوبے پر خاصی پیش رفت ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند ہفتوں میں سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا ہونے کے بعد نیا سال شروع ہونے سے قبل اس منصوبے کی کوئی نہ کوئی شکل سامنے آ جائے گی۔
انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ مجوزہ سیاسی پیش رفت کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو بھی مرکزی دھارے کی سیاست میں واپسی کا موقع مل سکتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ریفرنڈم کو اس معاملے کا بہترین حل قرار دے چکے ہیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوامی رائے کی بنیاد پر ہونا چاہیے اور اس معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔