این ویڈیا کے نئے سربراہ کی دوڑ میں 3 اسرائیلی شامل

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں دنیا کی بڑی کمپنیوں میں شامل امریکی کمپنی این ویڈیا کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے لیے تین اسرائیلی ٹیکنالوجی ماہرین کے نام سامنے آگئے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق این ویڈیا کے سابق سربراہ جینسن ہوانگ کے عہدہ چھوڑنے کے بعد کمپنی کی قیادت سنبھالنے کے لیے تین اسرائیلی شخصیات کو ممکنہ امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان شخصیات میں این ویڈیا کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر مائیکل کاگن، اسرائیلی نیٹ ورکنگ کمپنی میلانوکس کے شریک بانی اور سابق سربراہ ایال والڈمین اور ایپل کے چیف ہارڈویئر آفیسر جانی سروجی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ جینسن ہوانگ نے تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک این ویڈیا کی قیادت کرنے کے بعد 12 نومبر کو عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگیا۔

ان کے جانے کے بعد کمپنی کے بورڈ نے چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کو عارضی چیف ایگزیکٹو مقرر کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ مستقل سربراہ کی تلاش جاری ہے اور اس عہدے کے لیے اندرونی اور بیرونی دونوں امیدواروں پر غور کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق مائیکل کاگن نے 1999 میں میلانوکس کمپنی کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ بعد ازاں 2020 میں این ویڈیا نے تقریباً 6 ارب 90 کروڑ ڈالر میں میلانوکس کو خرید لیا، جس کے بعد کاگن این ویڈیا کا حصہ بن گئے۔

رپورٹس کے مطابق ایال والڈمین کو کمپنی چلانے کا تجربہ حاصل ہے، جو انہیں اپنے سابق کاروباری ساتھی مائیکل کاگن پر برتری دلا سکتا ہے۔ تاہم مائیکل کاگن کو یہ فائدہ حاصل ہے کہ وہ پہلے ہی کئی برس سے این ویڈیا میں کام کر رہے ہیں اور کمپنی کی ٹیکنالوجی کی تیاری میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں کمپنی کے اندرونی معاملات اور انتظامی نظام کا بھی تجربہ ہے۔

اسرائیلی میڈیا کی جانب سے ان تینوں شخصیات کے نام ممکنہ امیدواروں کے طور پر سامنے آنے کے باوجود این ویڈیا نے تاحال کسی مستقل جانشین کا اعلان نہیں کیا۔

ٹرمپ نے ٹم کک کا نام تجویز کردیا

این ویڈیا کی سربراہی کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا ہے اور ایپل کے سابق چیف ایگزیکٹو ٹم کک کو جینسن ہوانگ کا جانشین بنانے کی تجویز دی ہے۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا، ’’اب جبکہ این ویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ، جنہوں نے شاندار کام کیا، استعفیٰ دے چکے ہیں تو ان کی جگہ لینے کے لیے صرف ایک ہی شخص ہے اور وہ ایپل کے ٹم کک ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’ایک لیجنڈ کی جگہ دوسرا لیجنڈ لے گا۔‘‘

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر ڈیموکریٹک قانون سازوں کی جانب سے بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ قانون سازوں نے چین کو این ویڈیا کی چِپس فروخت کرنے کے معاملے پر انتظامیہ کی جانب سے عائد پابندیوں میں نرمی پر سوالات اٹھائے ہیں۔

حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ چین کو چِپس کی فروخت اور این ویڈیا کے ساتھ حکومتی معاملات سے متعلق تمام ریکارڈ محفوظ رکھے جائیں۔

تاہم این ویڈیا کے نئے مستقل سربراہ کے نام کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا اور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے مختلف امیدواروں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles