
پاکستان کی زیرِ صدارت جاری اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے تیسویں وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تنظیم کی صدارت کے دوران علاقائی تعاون کے احیا، تجارت، سرمایہ کاری اور رابطوں کے فروغ سمیت پانچ ترجیحی شعبوں پر بھرپور توجہ مرکوز کرے گا۔
اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلی کے اس دور میں باہمی تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے، کیونکہ خطے کو درپیش بیشتر چیلنجز قومی سرحدوں سے ماورا ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث یہ خطہ منفرد اہمیت کا حامل ہے، جو بڑی منڈیوں اور وافر قدرتی وسائل کو آپس میں ملاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقائی تعاون کا احیا نئے سرے سے سب کچھ شروع کرنے کا نام نہیں، بلکہ اس کا مقصد موجودہ بنیادوں کو مضبوط بنانا اور پہلے سے طے شدہ وعدوں کو نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ای سی او چارٹر میں درج اصولوں، باہمی احترام، خودمختاری کی برابری اور عدم مداخلت کے وژن کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
پاکستان کی پانچ ترجیحات کیا ہیں؟
اجلاس کے دوران پاکستان کی صدارت کے لیے پانچ بنیادی ترجیحات کا اعلان کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ پہلی ترجیح تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ ہے، جس کے تحت علاقائی منڈیوں تک رسائی اور نجی شعبے کی شمولیت کو بڑھایا جائے گا۔
اسحاق ڈار کے مطابق دوسری ترجیح وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کو بحیرہ عرب کی پاکستانی بندرگاہوں سے ملانے والے ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ روابط کو بہتر بنانا ہے، جبکہ تیسری ترجیح ای سی او تجارتی معاہدے کو جدید اور ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چوتھی ترجیح موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات جیسے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی مشترکہ صلاحیت بڑھانا ہے، جبکہ پانچویں ترجیح خطے کی نوجوان آبادی کی تعلیم، فنی تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی پر سرمایہ کاری کرنا ہے۔
پاکستان تنازعات کے پُرامن حل کا حامی رہا ہے: اسحاق ڈار
علاقائی امن اور سلامتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی اقتصادی ایجنڈے کی کامیابی کے لیے امن اور استحکام ناگزیر ہے، کیونکہ عدم تحفظ اور تنازعات ترقیاتی منصوبوں اور تجارتی راستوں کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کا حامی رہا ہے، اور اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دفتر خارجہ کی قیادت دوست ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔
پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے: اسحاق ڈار
افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جو ای سی او کے فریم ورک کا حصہ بن کر تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن سے رہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بامعنی پیش رفت اور پائیدار اقتصادی شراکت داری کے لیے افغان حکام کو پڑوسی ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات اور خصوصاً دہشتگردی کے خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹنا ہوگا۔
انہوں نے 2025 کے دوران ای سی او کی صدارت نبھانے پر قازقستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علاقائی ٹرانسپورٹ روابط کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔